امریکا نے ایران(Iran) کے 4 شہریوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن پر ایرانی تیل کی غیرقانونی بین الاقوامی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن جمع کرنے اور تہران کو امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی سے بچنے میں مدد دینے کا الزام ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی فہرست میں سابق ایرانی پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس افسر محمد جواد باوند اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج کے بھائی مجید تاج بھی شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ یہ افراد بیرون ملک ایرانی تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم جمع کرکے ایران منتقل کرتے تھے۔
امریکی حکام کے مطابق انہیں تیل کی آمدن وصول کرنے کے لیے قابل اعتماد افراد کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا، تاہم بعض معاملات میں ان افراد نے یہ رقم ایران بھیجنے کے بجائے ذاتی فائدے کے لیے اپنے پاس رکھی۔
پابندیوں کی فہرست میں شامل محمد جواد باوند سابق ایرانی پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس افسر ہیں، جبکہ مجید تاج ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج کے بھائی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے محمد حسین سروتی پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں، جو ایرانی پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل محسن سروتی کے بیٹے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق وہ ایسی کمپنیوں میں عہدوں پر فائز رہے جو ایرانی تیل کی خریداری، وصولی اور ترسیل کے معاملات میں معاونت کرتی تھیں اور چین کی چھوٹی نجی آئل ریفائنریوں تک ایرانی تیل پہنچاتی تھیں۔ چین میں ان ریفائنریوں کو عام طور پر ٹی پاٹ ریفائنریز کہا جاتا ہے۔
مزیدپڑھیں:وینا ملک لائیو شو میں میک اپ اتارتے ہوئے آبدیدہ
پابندیوں کا نشانہ بننے والے چوتھے شخص مجتبیٰ عرب نژاد ہیں، جو ایران کی فضائی کمپنی ماہان ایئر کے سربراہ حمید عرب نژاد کے بیٹے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق مجتبیٰ عرب نژاد نے پابندیوں کا شکار ماہان ایئر کے لیے طیاروں کے پرزے خریدے اور تیل کی فروخت کے معاملات کی نگرانی بھی کی، جس سے حاصل ہونے والی آمدن کا ایک حصہ ایئرلائن کی معاونت کے لیے استعمال کیا گیا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق چاروں افراد کو دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (او ایف اے سی) کی خصوصی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔
اس اقدام کے تحت ان کے وہ اثاثے منجمد ہوں گے جو امریکی دائرہ اختیار میں موجود ہیں، جبکہ امریکی شہریوں اور اداروں کے لیے ان افراد یا ان کے زیر کنٹرول اداروں کے ساتھ ڈالر میں لین دین کرنا ممنوع ہوگا۔
یہ پابندیاں ایران پر امریکی اقتصادی دباؤ بڑھانے کی مہم کا حصہ ہیں۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد ایران کو خلیجی خطے میں بحری جہازوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے پر مجبور کرنا ہے۔
آبنائے ہرمز رواں برس کے بیشتر عرصے سے بند ہے، جس کے باعث عالمی تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات برقرار ہیں۔ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو اس صورت حال کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ان پابندیوں کے ذریعے ایران کے تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن کے نیٹ ورک کو محدود کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ تہران کے لیے عالمی منڈیوں میں تیل فروخت کرکے مالی وسائل حاصل کرنا مشکل بنایا جا سکے۔








