مانچسٹر: برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کا حل حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن لندن اور اس کے ذیلی قونصلیٹس کے دروازے ہر خاص و عام کے لیے کھلے ہیں، جہاں بغیر اپائنٹمنٹ اور سفارش کے قونصلر خدمات فراہم کرنے کے لیے روزانہ ایک گھنٹے کی واک اِن سروس بھی شروع کی گئی ہے۔
پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کے زیر اہتمام کمیونٹی ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا کہ بطور ہائی کمشنر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد مانچسٹر کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے، جس کا مقصد پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز پاکستانی شخصیات نے شرکت کی۔قونصل جنرل پاکستان امتیاز فیروز گوندل نے ہائی کمشنر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر اور گردونواح میں آباد پاکستانی کمیونٹی متحرک ہے اور پارلیمنٹ، ہاؤس آف لارڈز، بلدیاتی اداروں، عدلیہ، وکالت، صحت اور اکاؤنٹنسی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔
اوورسیز پاکستان کمیشن کے چیئرمین اور صوبائی وزیر بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کا مانچسٹر اور دیگر علاقوں کا دورہ، عوام سے ملاقات اور ان کے مسائل جاننے کا اقدام خوش آئند ہے۔
انہوں نے ہائی کمشنر کی جانب سے مختلف یونیورسٹیوں کے پاکستانی طلبہ سے ملاقاتوں کو بھی سراہا اور کہا کہ برطانیہ میں زیر تعلیم طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں۔
امجد ملک نے پاکستانی نرسز اور ڈاکٹروں کے لیے برطانیہ میں روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہائی کمشنر برطانوی ارکان پارلیمنٹ اور حکومت کے ساتھ مل کر اس حوالے سے لائحہ عمل تیار کریں گے۔
مزید پڑھیں:پاکستان ، IAEA مشترکہ اجلاس 23 تا26 نومبر اسلام آباد میں ہوگا، دفترخارجہ
تقریب سے مانچسٹر کے رکن پارلیمنٹ افضل خان، ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ راجہ حسین، لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر شوکت علی اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا اور پاکستانی ہائی کمیشن و قونصلیٹ کی خدمات کو سراہا۔








