آیا صوفیہ کی عمارت مسیحی بازنطینی اور مسلمان سلطنت عثمانیہ دونوں کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل رہی ہے۔
اس کو 1500 سال پہلے بازنطینی سلطنت کے عہد میں گرجا گھر کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا اور 15 ویں صدی کے وسط میں جب سلطنت عثمانیہ نے استنبول کو فتح کیا تو اسے مسجد میں بدل دیا گیا۔
لگ بھگ ڈیڑھ ہزار سال سے اس عمارت کے نیچے سرنگوں اور خفیہ راستوں کی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں۔
اب یہ افواہیں حقیقت بن گئی ہیں کیونکہ ماہرین نے حقیقت میں خفیہ سرنگوں اور تہہ خانوں کو دریافت کرلیا ہے۔
فروری 2025 سے جاری کام کے دوران اب تک آیا صوفیہ کے نیچے چھپی 9 سرنگوں، پانی کی گزرگاہیں، گنبد نما کمرے اور ایک قدیم مقبرے کو دریافت کیا گیا ہے۔
اب تک 420 میٹر طویل سرنگیں صاف کی جاچکی ہیں مگر ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ سرنگیں کئی کلومیٹر تک پھیلی ہوسکتی ہیں۔
اب تک دریافت ہونے والی سب سے بڑی سرنگ 180 میٹر لمبی ہے جس کے بارے میں ماہرین کا خیال ہے کہ وہ ممکنہ طور پر 5 ویں صدی کی ایک قدم رومی سڑک سے جاکر ملتی ہے۔
آیا صوفیہ کو 537 عیسوی میں تعمیر کیا گیا تھا مگر زیرزمین ملنے والے حصے اس عمارت سے بھی زیادہ قدیم محسوس ہوتے ہیں۔
اس تاریخی مقام کی بحالی کے 3 سالہ منصوبے کے دوران زیرزمین حصوں سے اب تک 3 ہزار ٹن ملبہ ہٹایا جاچکا ہے۔
ماہرین آثار قدیمہ تھری ڈی لیزر اسکینگ سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے زیرزمین راستوں کی مکمل نقشہ کشی کر رہے ہیں۔
ایک ترک ٹی وی کی جانب سے پہلی بار زیرزمین راستوں کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں جو کہ صدیوں سے زمین کے نیچے موجود تھیں اور ان کے بارے میں کسی کو معلوم نہیں تھا۔
مزید پڑھیں:مجھے ایشوریا کو سلمان سے محفوظ رکھنے کیلئے رکھا گیا تھا: سابق باڈی گارڈ
ترک حکومت کی جانب سے غور کیا جا رہا ہے کہ مستقبل میں کچھ زیرزمین سرنگوں اور راستوں کو سیاحوں کے لیے بھی کھولا جائے اور اس حوالے سے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔







