وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ(RanaSanaullah) نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور انہیں اپنا مؤقف بیان کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ اب پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی کو بس دھمکی دینا ہے کہ وہ انہیں منہ چھپانے کے قابل نہیں رہنے دیں گے، لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنا منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ وہ ان کے افکار پر تبصرہ کریں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ ان جیسا آدمی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ نہیں کررہے بل کہ ان کے بیان کا حوالہ دے رہے ہیں۔
نئے صوبوں کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے اس معاملے کو غلط انداز میں سنبھال کر متنازع بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے کا درست فورم پارلیمنٹ ہے اور اب یہ پارلیمنٹ میں ہی پیش ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے اسی وقت ممکن ہے جب تمام فریق پارلیمنٹ میں بیٹھ کر کوئی درمیانی راستہ نکالیں۔
مزیدپڑھیں:شادی پر انوکھی سلامی؛ دلہے کو ایک کروڑ مالیت کے 100 فٹ لمبے ہار کا تحفہ
انہوں نے محسن نقوی کے اس مؤقف سے بھی اختلاف کیا کہ نظام مفلوج ہوچکا ہے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نظام خود ناکام نہیں ہوا بل کہ اسے ناکام کیا گیا ہے، جس میں سیاست دانوں، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور بیوروکریسی کا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے مؤقف پر بات کرنے کا حق حاصل ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کاروباری شخصیات سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقے میں عزت دار لوگ ہیں اور وہ ملک کی خدمت کررہے ہیں، تاہم بعض کاروباری شخصیات سیاسی جماعتوں کو اربوں روپے فنڈز دیتی ہیں۔
ان کا دعویٰ تھا کہ یہ رقوم آگے چل کر اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے لیے دی جاتی ہیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ کوئی ثابت کردے کہ انہوں نے یا مسلم لیگ (ن) نے ان کاروباری شخصیات سے 100 روپے بھی لیے ہوں۔








