بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی خلاباز ذیشان علی کون ہیں اور چینی خلائی اسٹیشن پر کیا کام کریں گے؟

پاک فضائیہ کے 40 سالہ پائلٹ محمد ذیشان علی خلائی چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی شہری ہیں۔ ذیشان علی(Zeeshan Ali) چینی خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران چار اہم سائنسی تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔

پاکستان کے خلائی ادارے ’سپارکو‘ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کے فرائض انجام دیں گے، جس کا مطلب ہے کہ وہ خلائی جہاز چلانے کے بجائے سائنسی تجربات انجام دیں گے، اور توقع ہے کہ وہ خلائی اسٹیشن پر 5 سے 10 دن تک قیام کریں گے۔

سپارکو کے ڈائریکٹر برائے مصنوعی ذہانت عزیر انصاری کے مطابق ادارے نے پائلٹوں اور سائنسدانوں کے ایک گروپ کی طبی موزونیت، نفسیاتی مضبوطی اور کشش ثقل کے شدید دباؤ یعنی جی فورسز برداشت کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا تھا، جس میں تیز رفتار پرواز کے تجربے نے ذیشان علی کے انتخاب میں مدد دی۔

عزیر انصاری نے کہا کہ ایسے سائنسدان آسانی سے نہیں ملتے جو سفر کرنے اور اعلیٰ سطح کی جی فورسز کا سامنا کرنے سے واقف ہوں۔

ذیشان علی کون ہیں؟
محمد ذیشان علی 22 اگست 1986 کو سرگودھا میں پیدا ہوئے اور شادی شدہ ہیں جن کی تین بیٹیاں ہیں۔

انہوں نے ایرو سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار اسٹڈیز میں تعلیمی قابلیت حاصل کی، جس کا پس منظر ہوا بازی، تکنیکی علوم، اسٹریٹجک اسٹڈیز اور عسکری مہارتوں کا احاطہ کرتا ہے، جبکہ انہوں نے ایک سال کی سخت خلائی تربیت سات ماہ میں مکمل کر کے خلائی تقاضے پورے کیے۔

اس خلائی پرواز کی تیاری کے لیے ذیشان علی نے بیجنگ میں سات ماہ تک تربیت حاصل کی، اس دوران انہوں نے چینی زبان کی خصوصی کلاسیں لیں، چینی گیت سیکھے اور چینی شاعری پڑھی۔

مزیدپڑھیں:عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے خطاطی کی مشق کی اور ٹیبل ٹینس بھی کھیلا۔

ذیشان علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لیے پرواز نہیں کر رہے بلکہ اپنے کندھوں پر پاکستان کا نام لے کر جا رہے ہیں۔

ذیشان علی کا مشن کیا ہے؟
سپارکو کے مطابق ذیشان علی خلائی اسٹیشن پر جن چار تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے ان میں پہلا منصوبہ تابکاری سے تحفظ سے متعلق ہے، جس کے تحت وہ گریفین پر مبنی ہلکے وزن کے مرکب مادوں کی تیاری کا جائزہ لیں گے جو خلائی جہازوں کو تابکاری سے بہتر طور پر محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

دوسرے منصوبے میں خودکار مرمت کی صلاحیت رکھنے والے کاربن فائبر مرکبات کا مطالعہ کیا جائے گا جو خلائی جہازوں میں پڑنے والی چھوٹی دراڑوں کو خود بخود ٹھیک کر کے ان کی پائیداری میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

تیسرا تجربہ کینووا کے بیجوں پر مشتمل ہے جس میں یہ دیکھا جائے گا کہ یہ بیج خلا کے ماحول میں کس طرح ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور مستقبل کے خلائی مشنز میں خوراک کے ذریعے کے طور پر ان کی کیا صلاحیت ہو سکتی ہے۔

چوتھے اور آخری منصوبے کے تحت زمین سے باہر زندگی کو سہارا دینے کے لیے خردبینی کائی اور سائنو بیکٹیریا کی کاشت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ آکسیجن کی بحالی، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج اور ممکنہ خوراک کی پیداوار کے امکانات پر تحقیق کی جا سکے۔

مشن کی تکمیل اور ان چار سائنسی تجربات کے نتائج سامنے آنے کے بعد خلائی تحقیق اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں میں ان کے عملی اطلاق کا جائزہ لیا جائے گا۔