حکومت نے آئی ایم ایف(IMF) کی ایک اور اہم شرط پوری کر دی، قومی کرپشن رسک اسیسمنٹ رپورٹ جاری کر دی گئی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس سےقبل جاری رپورٹ میں سرکاری اداروں میں کرپشن کےممکنہ خطرات،مالی بےضابطگیوں اور نگرانی کے نظام کی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کےمطابق بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں جعلی اور غیر مستحق افراد کی مالی امداد لینے،مستحق خاندانوں کے انتخاب پر بیرونی دباؤ اور امدادی رقوم میں غیر قانونی کٹوتیوں کےخدشات ظاہر کیےگئے ہیں،مستحق افراد کی درست جانچ پڑتال کے نظام کو بھی کمزور قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان ریلوے میں بھی کرپشن کے متعدد ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دوسرے نمبر پر بولی دینے والوں کو ٹھیکے دینے، جعلی بینک گارنٹیوں، غیر قانونی معاہدوں اور غیر تصدیق شدہ پنشنرز کو ادائیگیوں کے خدشات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو کرپشن کے زیادہ خطرات والے اداروں میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ ایف بی آر، سی ڈی اے اور پاسکو میں بھی کرپشن کے نمایاں خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سوئی ناردرن اور متروکہ وقف املاک بورڈ کو درمیانے درجے کے خطرات والے ادارے قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس جائزے کا مقصد سرکاری اداروں میں کرپشن کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور ان کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی ادارے یا افسر کے خلاف کرپشن یا جرم ثابت نہیں کیا گیا۔








