بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کے نجکاری پروگرام میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی فروخت کا عمل جلد مکمل کرنے اور تمام جاری معاملات مقررہ مدت میں نمٹانے پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم نے سرکاری اداروں اور عوامی اثاثوں کی نجکاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے سرکاری اداروں کا ازسرنو جائزہ لینے اور مزید خسارے میں چلنے والی تنظیموں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ انہیں نجکاری پروگرام میں شامل کیا جاسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ غیر فعال اور مالی طور پر ناقابل عمل سرکاری اداروں کی نجکاری قومی خزانے پر بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے اور محدود سرکاری وسائل کو عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کو نجکاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بننے دیا جائے اور تمام معاملات کو مقررہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔

اجلاس میں نجکاری کمیشن کے زیرانتظام جاری معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) سمیت دیگر اداروں کی مجوزہ نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

مزیدپڑھیں:بھارت: بیٹی کی شادی کی تقریب میں ڈانس کرتے ہوئے باپ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا

زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن (ایس ایل آئی سی) کی نجکاری بھی زیر بحث آئی۔ حکام کے مطابق تمام جاری منصوبے مقررہ مدت کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔

اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے ادارہ جاتی ڈھانچے اور مستقبل کے کردار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ اتھارٹی کو نجکاری کمیشن میں ضم کرنے سے متعلق بل منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے۔

مجوزہ اصلاحات کے تحت اتھارٹی کو مشاورتی ادارے کے بجائے منصوبوں پر عمل درآمد میں براہ راست کردار ادا کرنے والا ادارہ بنایا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پی تھری اے کے زیرانتظام 15 منصوبے ہیں، جن کی مجموعی تخمینی مالیت 1,352 ارب روپے ہے۔ ان میں ایم 6، ایم 13 اور ایم 10 موٹرویز، گرو نانک ایکسپریس وے، قصرِ ناز اور کراچی انڈسٹریل پارک شامل ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔