تہران: خلیجی خبر رساں ادارے کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایران اپنے دو بڑے جوہری مراکز کے درمیان ایک وسیع اور مضبوط زیرِ زمین کمپلیکس تیزی سے تعمیر کر رہا ہے، جس سے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد تہران کی عسکری و جوہری صلاحیتوں کی بحالی سے متعلق نئے سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔
واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک ’انسٹی ٹیوٹ فار سائنس اینڈ انٹرنیشنل سیکیورٹی‘ کی جانب سے جانچی جانے والی نئی سیٹلائٹ تصاویر میں وسطی ایران کی بہجت آباد زیرِ زمین تنصیب پر تعمیراتی سرگرمیوں کی غیر معمولی رفتار دیکھی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کمپلیکس مختلف عسکری مقاصد، بشمول اہم ہتھیاروں کے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے، تاہم انہوں نے ایران کے جوہری پروگرام سے اس کے تعلق کے امکان کو بھی رد نہیں کیا۔ ادارے نے 25 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ فی الحال اس تنصیب کے اصل مقصد کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنے کے لیے مزید معلومات درکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بہجت آباد کمپلیکس ایک پہاڑ کے اندر اصفہان جوہری مرکز اور نطنز کے علاقے کے درمیان تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں ایران کے انتہائی اہم جوہری ڈھانچے موجود ہیں۔ وینٹور ٹیکنالوجیز کی فراہم کردہ 24 نومبر کی سیٹلائٹ تصاویر میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی کام دکھائی دیتا ہے، جبکہ ماضی کی تصاویر کے تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں کام دسمبر 2025 میں فروری میں شروع ہونے والی حالیہ امریکا اسرائیل فوجی مہم سے قبل شروع ہوا تھا اور 2026 کے دوران اس میں نمایاں توسیع آئی۔ محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایران میں متعدد زیرِ زمین تنصیبات موجود ہیں، لیکن بہجت آباد میں کام کی رفتار اسے دیگر منصوبوں سے ممتاز بناتی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور امریکا کے ساتھ پے در پے تنازعات میں ایران کی جوہری اور عسکری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔ ماضی کے جائزوں میں بتایا گیا تھا کہ جون 2025 کے حملوں سے فردو، نطنز اور اصفہان کو بھاری نقصان ہوا، تاہم ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ بڑی تنصیبات کی تباہی کا مطلب تمام حساس صلاحیتوں کا خاتمہ نہیں ہے۔ دوسری جانب 60 فیصد تک افزودہ تقریباً 440 کلوگرام یورینیم کی موجودہ صورتحال اور بین الاقوامی معائنوں پر پابندیوں کے باعث ابہام برقرار ہے، اگرچہ سیٹلائٹ تصاویر سے اس مواد یا کسی جوہری سرگرمی کا براہِ راست ثبوت نہیں ملا۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرن نے جمعرات کو نشریاتی ادارے کان سے گفتگو میں کہا کہ ضرورت پڑنے پر اسرائیل امریکی شرکت کے بغیر بھی ایران پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری جانب امریکا کا ایران پر معاشی دباؤ جاری ہے، جبکہ قطر اور پاکستان کے ثالث تناؤ کے خاتمے کے لیے تجاویز پر کام کر رہے ہیں اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ نئی سفارتی تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاہم تہران کے بنیادی مطالبات تبدیل نہیں ہوئے۔








