بھارت کی ریاست ہریانہ کے شہر روہتک میں 4 افراد کے قتل کی تحقیقات میں گینگسٹر کی گرل فرینڈ(Girlfriend) کا اہم کردار سامنے آیا ہے۔
قتل کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس سنی رتولیا کی گرل فرینڈ جھانوی کے کردار کی بھی تحقیقات کر رہی ہے، جس پر حریف بھاؤ رتولیا گینگ کے لیے مخبری کرنے کا شبہ ہے۔
پتحقیقات مین شامل ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سنی کی گرل فرینڈ جھانوی تین ماہ قبل منصوبہ کے ساتھ سنی کی زندگی میں شامل ہوئی تھی، تاکہ اس کا اعتماد حاصل کرکے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکے اور اہم معلومات حریف گینگ تک پہنچا سکے۔
اس ہنی ٹریپ کا مقصد سنی کا اعتماد جیتنا اور اس کی موجودگی کے مقامات سے متعلق معلومات حاصل کرنا تھا۔ جس ڈھابے پر فائرنگ کا واقعہ ہوا، اس کی اطلاع بھی جھانوی نے ہی حریف گینگ کو فراہم کی۔ جھانوی کی بھیجی ہوئی لوکیشن کی انفرمیشن کی مدد سے حملہ آور درست وقت پر وہاں پہنچے۔
اس حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے، تاہم سنی خود ڈھابے کے پچھلے دروازے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تحقیقات کا ایک اور اہم پہلو فائرنگ کے اس واقعے کے فوراً بعد جھانوی کی بھارت سے روانگی ہے۔
ذرائع کے مطابق جھانوی نے مبینہ طور پر حریف گینگ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت سنی کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے بدلے اسے بیرون ملک جانے میں مدد بھی دی گئی۔
مزیدپڑھیں:رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کا فائنل آج، پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے مدمقابل ہوں گے
چار افراد کا قتل رات ساڑھے 12 بجے ہوا، جبکہ جھانوی کے کچھ گھنٹے بعد اسی صبح بنکاک جانے کا شبہ ہے۔
تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ جھانوی بنکاک سے کسی بھی ملک جا سکتی ہے، اس لیے اس کے بین الاقوامی سفری ریکارڈ کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
تحقیقات کے دوران حملے میں ملوث پانچ مشتبہ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے چار حملہ آوروں کی شناخت ہوچکی ہے، تاہم تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
پولیس جھانوی کے خاندانی پس منظر اور مبینہ جرائم پیشہ روابط کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کے خاندان کے افراد بھی سنگین تشدد کے واقعات کا نشانہ بن چکے ہیں، جن میں اتر پردیش میں ایک گینگ کے ہاتھوں اس کے والد اور چچا کے مبینہ قتل کے واقعات شامل ہیں، جبکہ تفتیش کار ان سابقہ واقعات، حریف گینگ سے ممکنہ روابط اور مبینہ ہنی ٹریپ کے درمیان تعلق کا جائزہ لے رہے ہیں۔
جھانوی اتر پردیش کی مبینہ بدنام زمانہ لیڈی ڈان ببلی دیوی کی بیٹی ہے، جو پولیس ریکارڈ میں متعدد مقدمات میں نامزد رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدا میں اس کے مغربی اتر پردیش کے کئی جرائم پیشہ افراد سے روابط قائم ہوئے، جس کے بعد اس نے اپنا گینگ بنا لیا۔
جانھوی کے والد وویک عرف وکی ملک کو رواں سال مارچ میں باغپت میں ایک شادی کی تقریب کے دوران گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ اس قتل کو گاؤں کی سربراہی کے انتخاب سے جڑی پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔








