بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مشرق وسطیٰ میں دوبارہ بڑھتی کشیدگی، معیشت متاثر ہونے کا خدشہ

وزارتِ خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ میں خبردار کردیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے، موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی مالیاتی سختیوں سے معیشت کو نقصان کا خدشہ ہے۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں معیشت کے لیے بہتری کی توقعات کے ساتھ اہم خدشات کی نشاندہی بھی کر دی گئی۔ مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں ترسیلاتِ زر 4 فیصد اضافے سے 14.8 ارب ڈالر اور برآمدات 8.1 فیصد اضافے سے 11.3 ارب ڈالر رہیں۔

البتہ درآمدات بھی 12.8 فیصد بڑھ کر 23.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ تجارتی خسارہ 12.3 ارب ڈالر اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 85 کروڑ ڈالر ریکارڈ ۔ براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری 22.4 فیصد اضافے سے 93 کروڑ 97 لاکھ ڈالر رہی۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق نومبر میں مہنگائی کی شرح 9 سے 10 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا گراف مزید نیچے آنے کی امید۔ اکتوبر کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی سے درآمدی بل اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر دباؤ بھی کم ہوگا۔

تعمیراتی سامان، بجلی کے آلات، لوہے اور اسٹیل کی درآمدات میں اضافہ صنعتی سرگرمیوں میں تیزی کا اشارہ ہے، گاڑیوں کی پیداوار، سیمنٹ کی فروخت اور گنے کے کرشنگ سیزن سے صنعت کو تقویت ملے گی، جبکہ معیاری بیجوں اور زرعی قرضوں سے گندم کی اچھی فصل متوقع ہے جو موسم اور پانی کی دستیابی سے مشروط ہے۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں بدترین گندم بحران، چکی آٹاکی 200 روپے فی کلو فروخت

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے اور عالمی مالیاتی حالات کی خرابی سے پاکستان کے لیے وسائل کا حصول مشکل ہو سکتا ہے۔ تاہم پہلی سہ ماہی میں عوام کو ٹارگٹڈ ریلیف دینے کی گنجائش پیدا ہوئی۔نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی اور چھوٹے کاروبار کے لیے سہولت مراکز کے قیام سے سرمایہ کاری مزید بڑھے گی۔