اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم عاشورہ 1444/2022ہجری کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہاہے کہ یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی قیادت میں جذبۂ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا اور حق کی سربلندی کے لیے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی، یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔
انہوں نے کہاکہ اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ، حضرت امام حسین ؓنے بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد پر کاربند قوتوں کو للکارا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کوجلاء بخشی۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ایمان کو ابتلاء و آزمائش کی گھڑی میں عزم و ہمت کا حوصلہ دیتی ہیں۔شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ ہم سب کو چاہئے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی آزمائش کا جوانمردی اور اسقامت کے ساتھ مقابلہ کریں۔ اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارے لیے اس جذبۂ جوان مردی اور حق گوئی کی اہمیت دو چند ہو جاتی ہے۔ اس لیے وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اسوہ امام حسین پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ پاکستان اور پاکستانی قوم کو خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے۔ آمین!
شہادت امام حسین ؓ اُمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے،وزیراعظم شہبازشریف








