اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ضمنی انتخابات کے دوران ناکامی کے بعد ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے بھرپور انداز میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کی تفصیلی مشاورت اور نواز شریف کی ہدایت پر مریم نواز کو مزید متحرک اور فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدارت کے ساتھ ساتھ مزید اہم عہدہ دینے اور پارٹی کو پنجاب میں مضبوط اور متحرک کرنے کا اہم ٹاسک سونپنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مریم نواز جاتی امراء کی بجائے ماڈل ٹاؤن سے پارٹی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گی جبکہ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پارٹی کے زیادہ تر ونگز مریم نواز کو رپورٹ کیا کرینگے۔
اسکے علاوہ آئندہ ماہ 11 اور 25 ستمبر کو ہونے والے قومی و صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات کی حکمت عملی کے لئے بھی مریم نواز کا نام ہی فائنل کیا گیا ہے۔
نواز شریف کی وطن واپسی کا معاملہ:
سابق وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کے معاملے پر حتمی رائے لینا شروع کردی ہے۔
اس حوالے سے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف ملاقات کے لیے لندن جانے والوں سے وطن واپسی کا سوال لازمی کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ مجھے بتایا جائے کہ میرے وطن واپس جانے سے فائدہ ہوگا یا نقصان؟
ذرائع نے بتایا کہ ملاقاتیوں کی اکثریت نواز شریف کی وطن واپسی کی حامی ہے جبکہ ن لیگ کا مؤقف ہے کہ نواز شریف کے آنے سے ملک اور پارٹی کو فائدہ ہوگا۔
پارٹی رہنماؤں کی وطن واپسی کی رائے پر نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ وطن واپسی کے متعلق سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں اور اس سے متعلق جلد فیصلہ بھی کرلیا جائیگا۔









