اسلام آباد (نیوزڈیسک)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے سے روک دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور شہباز گل کیس سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
ٓٓٓآئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شہباز گل کا ڈرائیور بنی گالا میں روپوش ہے، گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاہم وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے سے روک دیا اور ڈرائیور کی بیوی کو بیٹی سمیت گرفتاری پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ گھریلو خواتین کو گرفتار کرنا ہماری حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور روایت نہیں، ایسے کسی بھی عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔
رانا ثناء اللہ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالا کے مکینوں سے گفتگوکے ذریعے ملزم ڈرائیور کی حوالگی سے متعلق معاملہ حل کیا جائے، عدم تعاون کی صورت میں مجھے آگاہ کیا جائے، بنی گالا ریڈ کرنے سے پہلے اجازت لی جائے، شہباز گل کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرنے کیلئے ڈرائیور کو ہرصورت گرفتار کیا جائے، دوران گرفتاری چادر اور چار دیواری کا مکمل خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور گرفتاری اور شہباز گل کے مقدمے میں شواہد اکٹھا کرنے کے عمل کے دوران قانون کی مکمل پاسداری کی جائے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فوادچودھری نے وزیرداخلہ اور آئی جی اسلام آباد کی ٹیلی فونک گفتگو پرشدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ہمارے بھی ملزمان جاتی عمرہ میں چھپے ہوئے ہیں اور چھاپہ مارنے کیلئے اجازت بھی نہیں لیں گے۔
ہمارے بھی ملزمان جاتی عمرہ میں چھپے ہوئے ہیں اور چھاپہ مارنے کیلئے اجازت بھی نہیں لیں گے https://t.co/ZxpGDRuA8b
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 12, 2022









