کراچی (نیوز ڈیسک )کراچی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنا لیے ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے پانچویں روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 192 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو بابر اعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے محتاط انداز میں ہدف کی جانب تعاقب جاری ہے اور گرین کیپس کو آسٹریلیا کے خلاف جیت کے لیے مزید 278 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ بابر اعظم 121 اور عبداللہ شفیق 85 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان پہلی اننگز میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گیا تھا جبکہ آسٹریلیا نے دوسری اننگز 97 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا ہدف دیا تھا۔