بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی تارکین وطن کا ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)فرانس کے شہر پیرس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لیے پاکستانی تارکین وطن کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہماری کمیونٹی کا حصہ ہیں اور بیرون ممالک میں ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پیرس میں پاکستانی تارکین وطن سے ملاقات میں کیا جب سپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی وفد کے ہمراہ 65ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لیے کینیڈا روانہ ہو رہے تھے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستانی محنت اور لگن سے کام کرنے والی قوم ہیں، پاکستانی تارکین وطن نے مختلف شعبوں میں ایمانداری اور مہارت کی بدولت اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے پیرس میں پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لیے کام جاری رکھیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف بھی کی۔ فرانس میں مقیم پاکستانی تارکین وطن نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اپنے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک میں ایک اہم حیثیت رکھتا ہے اس کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔