اسلام آباد(ممتاز نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان متحرمہ فرح عظیم شاہ کی جانب اسلام آباد میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے حوالے سے ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا اس کانفرنس میں اقوام متحدہ کی تمام ایجنسیوں کے کنٹری ڈائریکٹرز، سفارتخانوں کے نمائندوں، بین الاقوامی ڈونر ایجنسیوں، آئی این جی اوز اور متعلقہ حکومتی نمائندوں کی شرکت کی۔کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں بلوچستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے
لہذا بلوچستان میں ہنگامی بنیادوں پر مدد کی اشد ضرورت ہےصوبے میں سیلاب کی وجہ سے غیر معمولی حالات کا سامناہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے محدود وسائل کے مطابق سیلاب متاثرین کی مدد کررہی ہے جبکہ صوبے میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں لہذاعالمی ادارے اور ڈونرز بلوچستان کے لوگوں کی مدد کو آگے آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے صوبے کے زیادہ تر اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔جہاں 216جانیں سیلاب کی نذر ہوچکے ہیں ۔صوبے میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ املاک،انفرسٹکچر،شاہراہوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اس صورتحال میں سیلاب کی وجہ سے لاکھوں لوگوں کو خوراک اور پانی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صوبے میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد لوگوں کی دوبارہ بحالی ایک بڑا چیلنج ہوگا۔حکومت بلوچستان سیلاب کی تباہ کاریوں کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتی ہے۔ترجمان حکومت بلوچستان نےکانفرنس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلوچستان کی موجودہ سیلابی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور موجودہ صورتحال میں اقوام متحدہ / ڈونر ایجنسیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بلوچستان کے ہنگامی حالات میں بھر پورتعاون کرنے کی اپیل بھی کی۔کانفرنس کے اختتام پر ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے موجودہ سیلابی صورتحال میں بلوچستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے جاری اقدامات کو سراہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔









