اسلام آباد(ممتازنیوز) قومی اسمبلی میں قائم پاک کوریا پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ قیصر احمد شیخ نے کہاہے کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کے مابین عوام سطح پر رابطوں میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کوریا کے 5 رکنی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ انہوں نے کوریا کی ترقی اور خوشحالی سفر کا بڑے قریب سے مشاہدہ کیا ہے، پاکستان میں ٹیکنالوجی، صنعت اور توانائی کے شعبوں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں اور جمہوریہ کوریا کے صنعت کار اور سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنر مند اور افرادی قوت موجود ہے جس کی مہارت اور صلاحیتوں سے کوریا مستفید ہو سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان سیاحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندھارا تہذیب اور آثار قدیمہ اور بدھ مت کے مقدس مقامات موجود ہیں۔
انہوں نے وفد کے اراکین کو ان سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ پاکستان کی پارلیمنٹ میں قائم پاک کوریا PFG کے اراکین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان مختلف شعبوں خصوصاً پر ٹیکنالوجی اور گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔اراکین نے مزید کہا کہ پاکستان آٹوموبائل کے لیے اچھی مارکیٹ ہے۔انہوں نے کورین اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے اور کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
کوریا پاکستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر لی ہیک ینگ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے افغانستان سے کوریا کے شہریوں کی افغانستان سے انخلا کے لیے پاکستان کے خصوصی تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
کورین پارلیمنٹ کے اراکین، لی سنگھیون، بیونگیو اور این بیونگگل نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ باہمی تعلقات کو بڑھانے کے لیے اپنے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ کورین اراکین پارلیمنٹ کے وفد کے ارکان نے کوریا کی ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ متفرق شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ملاقات میں پاک-کوریا فرینڈ شپ گروپ کے کنوینر قیصر احمد شیخ کے علاؤہ ممبران قومی صلاح الدین ایوبی، سید جاوید حسین، محمّد خان داہا، نوید عامر جیوا اور زہرا ودود فاطمی نے شرکت کی۔









