بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بیوروکریٹس،عدلیہ کو دھمکیاں دینے پرراناثنااللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر

  راولپنڈی (وقار کاظمی) تھانہ گوجر خان کے علاقے میں ایک سابق کونسلر نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف درخواست دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ گوجر خان کے علاقے کے رہائشی مرزا محمد بشیر ولد مرزا محمد اقبال سابق کونسلر وارڈ نمبر 3 گوجر خان کے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ29جنوری 2022 رات 10 بجے جیو ٹی وی دیکھ رہا تھا، جو ٹی وی اینکر شہزاد اقبال کے ساتھ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء پریس کانفرنس کررہے تھے، جو کہ فیس بک اور تمام ٹی وی چینل پر بھی آئی جس میں انہوں نے پنجاب کے چیف سیکرٹری، اعلیٰ انتظامی عہدے داروں، عدلیہ کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ ان سب نے اس پاکستان میں رہنا ہے اور ان کے بچے بھی پاکستان میں ہی رہائش پذیر ہیں، یہ کہتے ہوئے انہوں نے دھمکیاں دیں اور کہا کہ میں تمارا حساب کتاب کروں گا اور ایسی سزا دوں گا جو تم زندگی بھر یاد رکھو گے۔درخواست گزار نے کہاکہ رانا ثناء اللہ نے عوام میں دہشت پھیلائی اور اعلیٰ افسران اور عدلیہ کو دھمکیاں دیں، میں بھی ان کی دھمکیوں سے دہشت زدہ ہو گیا۔رانا ثناء اللہ نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قواعد ضوابط کی خلاف ورزی کی اور دہشت گردی ایکٹ کے تحت جرم کا ارتکاب کیا ہے، رانا ثناء اللہ آئے روز اپنے بیانات کے ذریعے مزید خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں، لہٰذا استدعا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے۔