سیہون شریف(ممتازنیوز) بلاولپو کے علاقے میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفیٰ نے بتایا کہ دریا سے اب تک 10 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جنہیں عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کر دیا گیا ہے۔
کشتی میں 20 مسافر سوار تھے جب دریائے سندھ میں سیلابی پانی میں ڈوب گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں وکیلا کھوکھر، ریحان کھوکھر، ریشماں کھوکھر، ثمینہ کھوکھر، منظور کھوکھر، فاروق کھوکھر، اقرا عمرانی، شبانہ راہپوٹو، شہزور چنا اور زبیدہ چنا شامل ہیں۔
پاک نیوی کی جانب سے ریسکیو عمل میں شرکت ہیلی کاپٹر کے ذریعے ڈوبنے والوں کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی کی ملیر ندی میں کار ڈوبنے کے حادثے میں لاپتہ ڈرائیور کی لاش 12 روز بعد مل گئی۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ڈرائیور عبدالرحمان کی لاش ندی کے قریب جھاڑیوں سے ملی، ڈرائیور کے اہلخانہ کو حیدرآباد میں اطلاع دے دی گئی ہے۔
خیال رہے ملیرندی میں ڈملوٹی کےمقام پر کار ندی میں بہہ گئی تھی ، گاڑی میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد اور ایک ڈرائیور سوار تھا۔
حادثے کے بعد گھرکے سربراہ ذیشان انصاری ، ایک بچی اور تین بچوں کی لاشیں مل گئیں تھی جبکہ کئی دن کے ریسکیو آپریشن کے بعد حادثے میں لاپتہ خاتون کی لاش ملی تھی۔









