ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں نامور کاروباری شخصیت فہد علی صدیقی کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر امیر خرم راٹھور سمیت منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اظہر علی داہر نے دارالحکومت ریاض میں نامور پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں سمیت کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی اور انہیں پاک سعودی تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون سمیت دیگر اہم امور سے آگاہ کیا. اس موقعہ پر سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے سفارتی تعلقات کے علاوہ سرمایہ کاری اور تجارتی مراسم تیزی سے فروغ پا رہے ہیں تمام شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو یہاں متعارف کروایا جائے جس سے پاکستانی معیشت پر مثبت نتائج مرتب ہونگے اور ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز سے منوا سکیں گے. سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں جہاں لاکھوں ورکرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں وہیں کاروباری اور کارپوریٹ سیکٹر میں کام کرنے والے پاکستانی بھی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں جس کی کاوشوں سے مزید بہتری لائی جاسکتی ہے. سفارت خانہ پاکستان کے منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ اظہر علی داہر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم کمیونٹی پاکستان میں بہتر طور پر سرمایہ کاری کرکے مختلف مواقعوں سے فاہدہ اٹھا سکتے ہیں جس کے لئے سفارت خانہ ہر طرح کی معاونت کر رہا ہے. تقریب کے میزبان اور نامور کاروباری شخصیت فہد علی صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ایسے تمام افراد کو سفارت خانہ پاکستان کے ساتھ رابطے میں لانا ہے تاکہ جو افراد سعودی عرب میں مختلف سیکٹرز میں کام کر رہے ہیں وہ بہتر آئیڈیاز سمیت دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان جاری سرمایہ کاری اور تجارتی شعبے کو تقویت دینے میں اپنا کردار نبھائیں تاہم ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ ایسے وہ تمام سعودی سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں جو پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور غیر ملکی بڑی سرمایہ کاری کے باعث پاکستان ترقی بھی کرے گا اور معاشی صورتحال بھی بہتر ہوگی اور یوں ہم ہمیشہ کے لئے آئی ایم ایف جیسے اداروں کے چنگل سے نکل جائیں گے.
سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی مراسم تیزی سے فروغ پا رہے ہیں: سفیرِ پاکستان امیر خرم راٹھور








