اسلام آباد(نیوز ڈیسک )سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی نے سندھ ہاؤس پر ایکشن کی صورت میں حکومت کو خبردار کردیا۔
سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ سندھ ہاؤس میں آج رات پولیس گردی کی گئی تو ذمہ دار عمران خان اور وزیرداخلہ ہوں گے، اسلام آباد انتظامیہ خبردار رہے اور سیاسی عمل کا حصہ نہ بنے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ تحریک عدم اعتماد کے آئینی عمل میں پولیس اور انتظامیہ فریق بنی تویہ آئین شکنی ہوگی، آئین شکنی کرنے اور ان کی مدد کرنے والوں کو سزا کے لیے تیار رہنا ہوگا، ارکان قومی اسمبلی کے خلاف پولیس گردی پارلیمنٹ پر حملہ تصور ہوگا، پارلیمنٹ لاجز والی حرکت سندھ ہاؤس میں دہرائی گئی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ عمران خان 172 ارکان نہیں لا پارہے، اب حکومت پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے ارکان کے اغوا کی تیاری کررہی ہے، اوچھے ہتھکنڈے اعلان ہیں کہ عمران خان اکثریت اور ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں، ’نہیں چھوڑوں گا‘ کہنے والے کو سب چھوڑ کر جارہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ آئین کے راستے پر چلتے ارکان پارلیمان کے خلاف حملہ دہشتگردی اور لاقانونیت ہوگی، پولیس گردی پر اسپیکرکی خاموشی ثبوت ہےکہ وہ آئین کے بجائے پارٹی لیڈرکے تابع ہیں۔








