بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کیلئے سیٹلائیٹ سپورٹ متعارف کرائے جانے کا امکان

ایپل کی جانب سے آئی فون 14 میں سیٹلائیٹ سپورٹ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ایسا ہوتا ہے یا نہیں یہ تو 7 ستمبر کو معلوم ہوجائے گا مگر گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ سپورٹ فراہم کرنے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ کے نائب صدر Hiroshi Lockheimer نے بتایا کہ ان کی ٹیم سیٹلائیٹ سپورٹ پر کام کررہی ہے جو اینڈرائیڈ کے نئے ورژن میں ان ایبل کی جائے گی۔

اینڈرائیڈ 13 تو حال ہی میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس میں یہ سپورٹ موجود نہیں تو 2023 میں اینڈرائیڈ 14 میں یہ سپورٹ پیش کی جاسکتی ہے۔۔

Hiroshi Lockheimer نے اس حوالے سے زیادہ تفصیل نہیں بتائی۔

ایپل کے حوالے سے جو رپورٹس اب تک سامنے آئی ہیں ان سے عندیہ ملتا ہے کہ سیٹلائیٹ سپورٹ ایسے علاقوں میں دستیاب ہوسکے گی جہاں موبائل نیٹ ورک یا وائی فائی کوریج موجود نہیں ہوگی۔

سیٹلائیٹ سپورٹ سے صارفین کسی ایمرجنسی میں ٹیکسٹ میسجز بھیج سکیں گے۔

ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ آئی فونز میں 2 سیٹلائیٹ فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا، جن میں سے ایک میسجز کے لیے جبکہ دوسرا ایمرجنسی حالات میں ڈائریکٹ رپورٹنگ کے لیے ہوگا۔

اس فیچر کے بارے میں سب سے پہلے رپورٹ دسمبر 2019 میں سامنے آئی تھی اور 2021 میں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ فیچر آئی فون 13 سیریز کا حصہ بن سکتا ہے، مگر ایسا نہ ہوسکا۔