ملتان(مقبول حسین ) دربار حضرت بہاء الدین زکریا ؒ کے سجادہ نشین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اولیاء اللہ کے آستانوں سے محبت‘ اخوت‘ انسانیت‘ رواداری کا درس ملتا ہے،اولیاء اللہ کے آستانے روشد و ہدایت اور امن وسلامتی کے مراکز ہیں،ان مزارات پر تمام تر اختلافات ختم ہو جاتے ہیں اور لوگ اسلامی وحدت کے رشتے میں پوری طرح منسلک ہو جاتے ہیں۔اولیاء اللہ کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر دین و دنیا میں سرخرو ہو سکتے ہیں اور فرقہ واریت و انتہا پسندی کے عوامل کو ختم کیا جاسکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بر صغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاؤ الدین زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کے 783 ویں عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات کی اختتامی نشست سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سیلاب کی کیفیت ہے، اس آزمائش کی گھڑی میں لوگوں کے گھر اجڑ چکے ہیں تاہم مشکل حالات میں بھی عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے زائرین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ ان کے اجڑے گھر دوبارہ سے بس جائیں اور اگلے سال وہ ہنستے مسکراتے عرس کی تقریبات میں شامل ہوں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم مرید حسین قریشی نے کہا اولیاء کرام نے ہمیشہ بھائی چارے کا درس دیا، ہمیں مشکل میں گھرے سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہیئے، تمام صاحب حیثیت افراد سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بڑھ چڑھ کر مدد کریں – تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا حضرت غوث بہاء الدین زکریا ؒ کی تعلیمات کی روشنی میں ملت اسلامیہ کے اتحاد اور پاکستان کی یکجہتی اور سالمیت کیلئے کوشاں رہنا ہمارا ا ولین فرض ہے۔ انہوں نے کہا حضرت شیخ الاسلام نے صدیوں پہلے ملتان کو علم و عرفان کا مرکز بنایا۔ آپ دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں حصول علم کو اپنا شعور بنا چاہئے۔ تاکہ ہم اقوام عالم میں مقام حاصل کرسکیں۔ قومی زکریا کانفرنس کی اختتامی نشست میں مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ دیوان حامد مسعود چشتی پاک پتن شریف‘ سید علی حسین شاہ سجادہ نشین چادر والی سرکار‘ اراکین قومی اسمبلی سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ جے پرکاش‘ لعل ملہی‘ اراکین صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری، محمد ندیم قریشی، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری طارق زمان گجر‘خالد جاوید وڑائچ‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ ڈاکٹر شہوار مصطفی اویسی‘محمد طاہر قریشی‘ پیر اعجاز علی سہروردی‘ میاں عابد حسین‘ پیر زادہ عابد حسین قریشی‘ علامہ محمد فاروق خان سعیدی‘ بھی شریک ہوئے -اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق ممبر مفتی غلام مصطفی رضوی‘ پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قادری‘ محکمہ اوقاف کے زونل خطیب مولانا محمد ابراہیم چشتی‘ ڈاکٹر ارشد بلوچ‘ قاضی محمد بشیر گولڑوی‘ صاحبزادہ لبیب ربانی‘ مولانا غلام فرید اظہری نے خطاب کیا۔ ہدیہ عقیدت قاری حق نواز سعیدی‘ جماعت غوثیہ کے چیف خلیفہ امان اللہ سہروردی‘ حمید نواز عاصم‘ احمد نواز عصیمی‘ محمد عاصم گولڑروی‘ محمد ذوالقرنین مہروی‘ محمد ثقلین مہروی‘ شوکت حسین سعیدی‘ رب نواز چاچڑ‘ حاجی علی انور چاچڑ‘ غلام شبیر چاچڑ اور فقیر ملہار نے پیش کیا۔ عرس کی سہ روزہ تقریبات میں نظامت کے فرائض پاکستان زکریا اکیڈمی کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے سرانجام دیئے۔ سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اختتامی نشست میں ملکی سلامتی، سیلاب زدگان کی مشکلات میں کمی اور دہشت گردی کے خاتمے کی دعا کی ۔
اولیاء اللہ کے آستانوں سے محبت‘ اخوت‘ انسانیت‘ رواداری کا درس ملتا ہے، شاہ محمود قریشی








