بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب میں اسلامی رفاہی اداروں نے بروقت امداد پہنچا کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے،سراج الحق

کوالالمپور(ممتازنیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ سیلاب کی صورت حال میں اسلامی رفاہی اداروں نے بروقت امداد پہنچا کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے،  دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کی جانب سے امداد بھی اسلامی بھائی چارے کا ثبوت ہے ۔وہ ملائیشیا میں اسلامی تحریکوں کی بین الاقوامی کانفرنس، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پٹروناس کے پاکستانی طلبہ اور کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے تھے۔ ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔کانفرنس کا اہتمام اسلام ملائشیا پارٹی نے ریاست قدح کے دارالحکومت الورستارمیں کیا۔ کانفرنس میں پاکستان، ترکی، فلسطین کے علاوہ جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کی اسلامی تحریکوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔پارٹی اسلام ملائیشیا کی وفاقی حکومت کا حصہ ہے جہاں اس کے چار وزرا ہیں۔ ملائشیا کے تین صوبائی حکومتوں کا تعلق بھی پارٹی اسلام ملائشیا سے ہے۔ صوبہ قدح کے وزیر اعلیٰ محمد سنوسی محمد نور نے تمام شرکا سے اپیل کی کہ ہمیں مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے۔ اس موقع پر محمد سنوسی نے امیر جماعت کو سیلاب زدگان کی امداد کے لیے دس ہزار ڈالر کا چیک پیش کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے پر ملائشیا کی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ اسلامی رفاہی اداروں نے بروقت امداد پہنچا کر پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کی جانب سے امداد بھی اسلامی بھائی چارے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رفاہی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کا اعتراف پوری پاکستانی قوم نے کیا۔مسئلہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ تمام مشکلات اور جارحیت کے باوجود فلسطینی قوم اسرائیلی مظالم کا بھرپور مقابلہ اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ فلسطین کی آزادی اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے فلسطینی مزاحمت کی حمایت کرنا ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔ انھوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ کشمیرپر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ساتھ دیں۔ بھارت کو ایک دن کشمیر پر ناجائز قبضہ ختم کرنا ہو گا اور کشمیریوں کو بنیادی حقوق دینے ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ افغان عوام نے پوری دنیا کو دکھایا ہے کہ کبھی بھی کسی قوم کو زبردستی غلام نہیں بنایا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دنیا بھر میں مظلوم اقوام کی حمایت جاری رکھے گی۔ یونیورسٹی کے طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک پر حکمرانی کرنے والی جماعتیں اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کریں۔ حکمرانوں کی تمام توانائی ایک دوسرے کی تضحیک میں صرف ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بیش بہا انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے لیکن ہمارے حکمرانوں کی بصیرت اپنے اقتدار کو طول دینے تک محدود ہے۔نوجوان نسل سے قوم کی امیدیں وابستہ ہیں جو طلبہ اور طالبات بیرون ملک اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، انھیں پیشہ ورانہ مہارت حاصل کرنے کے بعد اپنی قوم کی خدمت کرنی چاہیے۔ انھو ں نے کہا کہ علم کے حصول کے لیے سفر دینی لحاظ سے بھی بڑی سعادت کی بات ہے۔