ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں ریاض کرکٹ لیگ کی جانب سے کرکٹ سیزن 2022/23 کا افتتاح کر دیا گیا جس کی افتتاحی تقریب دارالحکومت ریاض میں واقع آر سی ایل گراونڈ پر کی گئی جس میں مہمان خصوصی نامور سیاسی و سماجی شخصیت احسن عباسی تھے جبکہ مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں سمیت انتظامیہ اور کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی. افتتاحی تقریب میں جہاں فضا میں غبارے چھوڑ کر کرکٹ سیزن کا افتتاح کیا گیا وہیں مہمان خصوصی احسن عباسی نے وکٹ پر بیٹنگ کرتے ہوئے باولنگ کا سامنا کرتے ہوئے افتتاح کیا. اس موقع پر احسن عباسی کا کہنا تھا کہ سپورٹس بہترین تفریح کا موقعہ فراہم کرتا ہے کھیلوں کی سرگرمیاں ٹیم سپرٹ کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات کو بھی فروغ دیتی ہیں. ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر کا کہنا تھا کہ کرکٹ سیزن میں اسی سے زائد مختلف ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے جبکہ سیزن کے دوران بین الاقوامی میچز بھی منعقد ہونگے جس سے کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا اور وہ دن دور نہیں جب سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے بین الاقوامی میچز کھیلے گی. حنیف بابر کا مزید کہنا تھا کہ جب سے کرکٹ کو سعودی حکومت کی جانب سے سرپرستی ملی ہے اس میں جدت اور تیزی آئی ہے جس سے کرکٹ کا کھیل مزید فروغ پا رہا ہے جس میں سعودی اور پاکستانی میڈیا کا بھی اہم کردار ہے.
ریاض کرکٹ لیگ کی جانب سے کرکٹ سیزن 2022/23 کا آغاز، احسن عباسی نے افتتاح کیا








