پاکستان کے معروف تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ انہیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کزن ہونے پر کوئی فخر نہیں۔
حفیظ اللہ نیازی، ارشاد بھٹی کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام ‘جشنِ کرکٹ’ کے مہمان بنے، دوران شو مہمانوں سے کئی دلچسپ سوالات پوچھے گئے، ارشاد بھٹی نے 500 کی دوڑ میں 442 اسکور کرکے حفیظ اللّٰہ نیازی کو ہرا دیا ۔
دوران شو تجزیہ کار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے عمران خان کا کزن ہونے پر فخر نہیں ہے۔
حفیظ اللہ نیازی کے بیٹے اور پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی سے متعلق سوال کیا گیا کہ وہ اپنے والد سے زیادہ عمران خان کی بات سنتا ہے، جواب میں تجزیہ کار نے کہا ‘سیاسی طور پر اس کا رجحان عمران خان کی طرف ہے’۔
بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا ‘میرا خیال ہے اگر کوئی فیصلہ کروں تو وہ میری بات مانے گا’۔
تجزیہ کار کے مطابق ‘عمران خان جھوٹ کے سوا اور کچھ نہیں بولتے، عمران اور آصف زرداری میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہو تو میں کسی کا نہیں کروں گا’۔
اس کے علاوہ حفیظ اللہ نیازی نے یہ بھی کہا کہ ‘مریم نواز بہت زیادہ سمجھدار ہیں وہ بلاول سے بھی زیادہ سمجھدار ہیں’۔
دوران شو جب حفیظ اللہ نیازی سے پاکستانی اداکارہ ریما خان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ‘یہ کون ہیں، میں انہیں نہیں جانتا نہ دیکھا، میری پسندیدہ اداکارہ ہیما مالنی ہیں’۔









