بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، وزیرخارجہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کردیا کہ سندھ میں گورنر راج نافذ نہیں کیا جارہا، بلاول سمیت کسی کو بھی پریشان نہیں ہونا چاہئے، ہمارے اتحادی کہیں نہیں جارہے، مسلم لیگ ق کبھی ن لیگ پر اعتبار نہیں کریگی، سندھ میں جو حال پیپلزپارٹی نے کیا ہے، اس پر ایم کیو ایم بھی ساتھ نہیں دے گی، جو بھی منحرف ہوتا ہے اس کیخلاف قانونی کارروائی اور شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے۔جمعہ کو وفاقی وزراء کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کردیا کہ حکومت کا سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، اس پر سب متفق ہیں، ماضی کے تجربات ہمارے سامنے ہیں، بلاول یا سعید غنی سمیت کسی کو پریشان نہیں ہونا چاہئے، پی ٹی آئی حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اتحادیوں سے متعلق قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ وہ چھوڑ کر جارہے ہیں یا چھوڑ جائیں گے، تسلسل سے کہتا رہا ہوں کہ ایسا نہیں ہوگا، چوہدری پرویز الٰہی کے مزاج اور سوچ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، وہ جذباتی نہیں سیاسی فیصلہ کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسی کو سمجھانے کی ضرورت نہیں کہ ن لیگ ان کیلئے دل میں کتنی گنجائش رکھتی ہے، 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے نہیں ن لیگ نے ق لیگ کے راستے میں کانٹے بچھائے، ہم مل کر چلے ایک دوسرے کا سہارا بنے، آج بھی حکومت میں اکٹھے بیٹھے ہیں، انہوں نے بھی ساتھ دیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، وہ ن لیگ پر کبھی اعتبار نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کہا جارہا ہے کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ آفر کی جارہی ہے، اکثریت ن لیگ اور ق لیگ اقلیت میں ہوگی، مخلوط حکومت بنے گی، جب چاہے ن لیگ قالین کھینچ لے گی، اس وزیراعلیٰ اور مدت کا کیا بھروسہ، کابینہ میں بھی ن لیگ کے وزراء کی اکثریت ہوگی، وزیراعلیٰ کس طرح کھل کر کام کرسکے گا، جو لوگ سیاست کو سمجھتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ یہ غیر سیاسی فیصلہ ہوگا، چوہدری خاندان سے غیر سیاسی فیصلے کی توقع نہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایم کیو ایم سے متعلق بھی کہا جارہا ہے کہ وہ ساتھ چھوڑ گئی، یہ غیر منطقی بات ہے، وہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی نفی ہیں، وہ پیپلزپارٹی پر کیسے بھروسہ کرسکتے ہیں، پیپلزپارٹی نے کراچی کے شہریوں کا جو حال کیا ایم کیو ایم کا کارکن اس سے غافل نہیں، قیادت سے کیا یہ سب کچھ پوشیدہ ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ قانون کا پیپلزپارٹی نے جو حال کیا اس پر ایم کیو ایم نے احتجاج کیا، پی ٹی آئی نے ان کا ساتھ دیا، مجھے یقین ہے کہ ایم کیو ایم سیاسی لوگ ہیں وہ بھی غیر سیاسی فیصلہ نہیں کریں گے۔