اسلام آباد(ممتازنیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور صنعتکاروں نے ملاقات کی اور انہیں سیلاب سے متاثرین کے لئے خطیر رقم اور امداد کا عطیہ پیش کیا۔ ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد میں چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ خواجہ مسعود اختر، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں عمران اکبر ، سی ای او الغازی ٹریکٹرز ملک احتشام اکرام اور دیگر صنعتکار اور تاجر شامل تھے۔ وفد کی جانب سے راشن اور دوسری اشیائےضروریہ کی صورت میں امدادی سامان بھی سیلاب زدگان کے لئے عطیہ کیا گیا ۔ وفد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو ملازمتیں دینے کی حکمت عملی بھی بنائی ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے لیے بھی سیالکوٹ کی تاجر برادری اپنا کردار ادا کریگی۔ وزیر اعظم نے وفد کی جانب عطیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس آفت سے نمٹنے کے لیے ہر طبقہ کے لوگوں کو آگے آنا ہوگا اور اس ضمن میں خصوصاً تاجروں اور صنعتکاروں کا بہت اہم کردار ہے. انہوں نے کہا کہ بارشی سیلاب کی وجہ سے بےتحاشا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے قیمتی انسانی جانوں کے علاوہ سیلاب اپنے ساتھ فصلوں، مویشیوں اور مواصلاتی انفراسٹرکچر کو بھی بہا لے گیا. انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کو فی خاندان 25000 روپےانتہائی شفاف طریقہ کار کے ذریعہ دیے جا رہے ہیں اور اس مد میں وفاقی حکومت نے 70 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔
وزیر اعظم سے سیالکوٹ تاجروں اور صنعتکاروں کی ملاقات،سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان کا عطیہ پیش کیا








