اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے صدر وقائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نئے آرمی چیف کی تعیناتی یا موجودہ کو توسیع دینے کے بارے میں فیصلہ ملکی مفاد میں کریں گے ، میں نے ہمیشہ اسلام آباد اور پنڈی کے درمیان پل کا کردار ادا کیا، موجودہ صورتحال میں ہمارے کسی رکن اسمبلی کو کہیں سے کوئی فون کال نہیں آئی ، جمعہ کی رات نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شہبازشریف نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ فوری طور پر شفاف الیکشن ہو قوم جس کو بھی مینڈیٹ دے گی ہم اس کا احترام کریں گے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اگر اب بھی عمران خان کو اقتدار سے الگ نہ کیا گیا تو ملک کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا ۔ انہوں نے اگلے وزیراعظم کے سوال پر کہا کہ اس کا فیصلہ نوازشریف کریں گے، پانچ سال کے لئے قومی حکومت کی اپنی تجویز کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معیشت ، خارجہ پالیسی اور دیگر سنگین مسائل کے حل کے لئے ایک ٹرم کے لئے مائنس عمران خان قومی حکومت کا قیام ملکی مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر نیازی نیب گٹھ جوڑ کو توڑ دیں گے ، پی ٹی آئی نے احتساب کے نام پر اپنے مخالفین سے انتقام لیا ہے ۔
نئے آرمی چیف کی تعیناتی ، توسیع کا فیصلہ ملکی مفاد میں کریں گے ،شہبازشریف








