بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گمشدہ افراد کا معاملہ، وزارتی کمیٹی تجاویز کو حتمی شکل دے رہی ہے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی زیر قیادت ایک اعلیٰ سطح کی وزارتی کمیٹی میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں اور اب یہ کمیٹی گمشدہ افراد کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اپنی تجاویز کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتی کمیٹی میں بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے وزیر شامل ہیں۔

کمیٹی ارکان نے گمشدہ افراد کے رشتہ داروں، سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندوں، متعلقہ سرکاری محکموں سے بات چیت کی ہے تاکہ ایسی حکمت عملی تشکیل دی جا سکے جس میں سیکورٹی کے پہلوئوں پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر گمشدہ افراد کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کمیٹی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تشکیل دی گئی تھی کیونکہ مسئلہ حل کیلئے کابینہ کو بھیج دیا گیا تھا۔

اب تک کمیٹی کے 6؍ اجلاس ہو چکے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ کمیٹی نے حال ہی میں کوئٹہ کا دورہ کرکے اُن گمشدہ افراد کے رشتہ داروں سے ملاقات کی ہے جو گزشتہ کئی ہفتوں سے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

کمیٹی نے مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے پر آمادہ کیا اور وعدہ کیا کہ گمشدہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائیگا۔

کمیٹی اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہونیوالی بات چیت سے آگاہ ایک ذریعے نے اس نمائندے کو بتایا کہ مسئلے کا قانونی حل تلاش کیا جا رہا ہے جیسا کہ ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے، یہ حل نہ صرف سیکورٹی چیلنجز کے عین مطابق ہے بلکہ گمشدہ افراد کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔ سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل رکھا گیا ہے اور وہ بھی چاہتی ہے کہ مسئلے کا قانوناً کوئی حل نکالا جائے، یہ معاملہ ایسا ہے جس میں ہیومن رائٹس کا سنگین معاملہ بھی آ جاتا ہے بلکہ یہ معاملہ ہر حکومت اور ایجنسیوں کیلئے بھی باعث ہزیمت بن چکا ہے۔

توقع ہے کہ کمیٹی کوئی ایسا حل سامنے لائیگی جس میں اس بات پر توجہ مرکوز رکھی جائیگی کہ صورتحال سے کیسے نمٹا جائے تاکہ دہشتگردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث خطرناک افراد کو کارروائیوں کا موقع ملے اور نہ ہی ایجنسیاں کسی بے قصور شخص کو پکڑنے میں اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر سکیں۔