فیصل آباد(معظم رندھاوا) نیشنل گروپ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات 2022-23کے لئے ایسوسی ایٹ کلاس کے 7حتمی امیدواروں کا اعلان کرنے کے بعد بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ نیشنل گروپ کی انتخابی مہم کی دھوم نے ایف سی سی آئی کے سیاسی منظر میں ہلچل مچا دی۔ سالانہ انتخابات کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ تقریبات کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔جنرل سیکرٹری نیشنل گروپ ایف سی سی آئی رانا محمد سکندراعظم خاں کے مطابق نیشنل گروپ کے قائدین میاں محمد ادریس اور میاں جاوید اقبال کی مشاورت اور گروپ کے متفقہ فیصلے کے مطابق ایسوسی ایٹ کلاس کے سات حتمی امیدواروں کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق حاجی محمد اسلم بھلی، ڈاکٹر سجاد ارشد، مقصود اختر بٹ، ملک مقبول منظور، رانا فیصل علی، شفیق شاہ اور میاں آصف اسلم نیشنل گروپ کی جانب سے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے لئے امیدواران ہوں گے۔ سابق صدر ایف سی سی آئی و جنرل سیکرٹری نیشنل گروپ رانا محمد سکندراعظم خاں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیشنل گروپ ایف سی سی آئی کے سالانہ انتخابات میں ایسوسی ایٹ کلاس کی نشستوں پر تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گا۔ یونائیٹڈگروپ کے ملک منظور مقبول ،نور الہدی بٹ، رانا شاہد سمیت گروپ کے اکثر سینئر اراکین نیشنل گروپ میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ مزید افراد ہمارے ساتھ آنے کے لئے تیار ہیں نیشنل گروپ رواں سال ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی حاصل کرے گا اور سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے الیکشن، نیشنل گروپ کے7حتمی امیدواروں کااعلان، بھرپور انتخابی مہم کا آغاز








