ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈحکمرانوں کی ساکھ پہلے ہی نہ ہونے کے برابر تھی۔ رہی سہی کثر5ماہ کے اقتدار نے پوری کردی ہے۔ ملک مشکل میں ہے۔ امپورٹڈ حکمران ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ اگر یہ مزید اقتدار میں رہے تو ملک مشکلات میں گھر جائے گا۔ مہنگائی ملکی تاریخ میں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔ حکمرانوں کے دعوؤں کی قلعی کھل چکی ہے۔ عوام پریشان اور بے چین ہیں۔ عوام میں بجلی کے بل بھرنے کی سکت نہیں۔ عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیڈ گورننس کا غصہ 16اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں اتاریں گے۔ 16اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں این اے 157کی عوام مہنگائی کو سامنے رکھ کر اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کا استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے157 کی یونین کونسل 73 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ پی ٹی آئی ملتان شہر کے صدر ملک عدنان ڈوگر‘ شیخ شاہد‘ خواج امیر بخش‘ ملک شاہد‘ طارق سیال اور علاقہ کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا حکومت کے پاس ملک چلانے کا نہ تو کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی اہلیت۔ ملک بغیر کسی سمت چل رہا ہے۔ ملک بھر کے عوام سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ نااہل حکمران سیلاب میں بھی سیاست چمکا رہے ہیں۔ امپورٹڈ حکمرانوں کو سنبھلی ہوئی معیشت اقتدار کے ساتھ ملی۔ 5ماہ میں ان لوگوں نے معیشت کا بھٹہ بیٹھا دیا۔ پاکستان کو غیر معمولی افراط زر کا سامنا ہے۔ غیر معمولی مہنگائی کی وجہ سے ہرشخص پریشان ہے۔ جھولی اٹھا کر حکمرانوں کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔ حکمرانوں کے پاس گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالنے کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا پی پی ن لیگ نے ماضی میں ملک لوٹا۔ جو رقم ملکی ترقی اور عوام پر خرچ ہونا تھی وہ انہوں نے عیاشائیوں میں اڑھائی۔ عوام ان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ عوام کو اگر کسی پر اعتماد ہے تو وہ صرف عمران خان کی ذات ہے۔ جس پر عوام اعتماد کرتے ہیں۔ یہ عوام کے اعتماد کا مظہر ہے کہ چند گھنٹوں کے ٹیلی تھون میں اندرون و بیرون ملک کی عوام نے عمران خان کو 10ارب روپے دینے کے اعلانات کئے۔ پی پی ن لیگ کی قیادت اگر اپنے آپ کو اعتماد کے قابل سمجھتے ہیں تو ایک ٹیلی تھون تو کرکے دکھائیں۔ انہیں اپنی مقبولیت اور عوام کے اعتماد کا پتہ لگ جائے گا۔ اپنی کرپشن اور بدعنوانیوں کی بدولت پی پی ن لیگ کی قیادت عوام میں اپنی ساکھ کھو چکی ہیں۔ پاکستان کے عوام اب ان پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان واحد قیادت ہیں جو ملک کے لئے مخلص اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔ عوام جان چکے ہیں کہ پی ڈی ایم کی سیاست مفادات اور این آر او کی سیاست ہے۔ پی ڈی ایم اپنے انجام کی طرف پہنچنے والا ہے۔ جلد پی ڈی ایم کا شیرازا بکھر جائے گا۔ انہوں نے کہا این اے 157 کی عوام باشعور ہیں انہوں نے ماضی میں بھی تحریک انصاف پر اعتماد کیا اور 16اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں بھی تحریک انصاف پر اعتماد کریں گے۔ اور پی ڈی ایم کے امیدوار کو بھر پور شکست دیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کہا پی پی ‘ ن لیگ کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ پاکستان کی عوام کی نظریں عمران خان کی طرف ہیں۔ عمران خان ہی عوام کی امید کی کرن ہیں۔ ملک اس وقت مشکل اور بحرانوں کی زد میں ہے۔ عمران خان کی قیادت ہی ملک کو مشکل وقت سے نکال سکتی ہے۔ پاکستان کی عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ چوروں‘ لٹیروں کو مار بھگا کر عمران خان کو جلد پی پاکستان کا وزیراعظم بنائیں گے۔ وہ وقت دور نہیں عمران خان ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم ہونگے۔ اور ملکی ترقی کا رکا ہوا سفر ایک بار پھر اسی جوش و جذبے اور عزم سے رواں ہو گا۔ کامیابی عوام کی ہوگی۔ قوم کی ہوگی۔ اس موقع پر عوام کی ایک بہت بڑی تعداد نے تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔
امپورٹڈ حکمران ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں،شاہ محمود








