اسلام آباد(ممتاز نیوز)شہباز شریف کی لندن میں اشتہاری مجرموں نواز شریف اور اسحٰق ڈار سے ملاقات ،پاکستان تحریک انصاف کی لیگل کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ،چیئرمین عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی ۔شہباز شریف کی لندن میں عدالتی اشتہاریوں سے ملاقات سمیت دیگر اہم قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیاگیا۔
شہباز شریف کی نواز شریف اور اسحٰق ڈار سے ملاقات وزیراعظم کے حلف سے صریح روگردانی قرار دیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف کی تعیناتی کے عمل میں نواز شریف سے مشاورت آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بھرپور قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا۔
تحریک انصاف کے کارکنان کو ہراساں کرنے کیلئے کی جانے والی گمنام نمبرز سے ٹیلی فونز کا معاملہ بھی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر شہباز گِل پر زیرِ حراست تشدد کے مقدمے کو بھی منطقی انجام تک پہنچانے کی منظوری دی گئی ۔
مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی زیرِ صدارت لیگل کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ہے، شہباز شریف کے دورۂ لندن کی تفصیلات نہایت تشویشناک اور آئین و قانون سے صریحاً انحراف ہے، نواز شریف اور اسحٰق ڈار عدالتی اشتہاری ہیں، فواد چودھری نے کہا کہ اشتہاریوں سے ملاقات اور اہم ترین ریاستی معاملات پر ان سے مشاورت نہایت تشویشناک اور قابلِ گرفت عمل ہے، شہبازشریف کی کابینہ کے اراکین آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے میں نواز شریف کے کردار کی مسلسل نشاندہی کررہے ہیں، تحریک انصاف اس ملاقات اور اسکے لوازم کو بھرپور انداز میں عدالت کے سامنے رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ گمنام نمبرز سے کارکنان کو کالز کے ذریعے ہراساں کرنے کے واقعات کا مفصل ڈیٹا جمع کررہے ہیں، ہراسگی کے اس معاملے پر بھی بھرپور قانونی کارروائی کریں گے، آج کے اجلاس میں ڈاکٹر شہباز گل پر حراست کے دوران تشدد کے شرمناک واقعے پر بھی عدالت سے رجوع کریں گے، امید ہے عدالتِ عظمیٰ آئین و قانون سے انحراف کے ان واقعات پر فوری سماعت کا اہتمام کرے گی، حصولِ انصاف کیلئے قوم کی امیدیں عدالتِ عظمیٰ سے جڑی ہیں۔
شہباز شریف کی لندن میں اشتہاری مجروں سے ملاقاتیں آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے، فوادچودھری








