اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ہو رہا ہے، امکانی طور پر پیر کو ہوں گے۔ اسلام آباد اور واشنگٹن میں پہلے سے موجود تلخی اور سردمہری کے باعث تنائو کی جو صورتحال پیدا ہوئی تھی پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد بتدریج اس میں تبدیلی آرہی ہے اور تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے دونوں طرف سے مثبت سوچ کے ساتھ پیش رفت جاری ہے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پہلی مرتبہ مذاکراتی عمل کا آغاز ہو رہا ہے۔ ابتدائی طور پر اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان یہ مذاکرات وزرائے خارجہ کی سطح پر ہوں گے اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو جو امریکہ میں ہی موجود ہوں گے وہ اپنے امریکی ہم منصب اینٹونی بلنکن سے وسیع البنیاد مذاکرات کریں گے۔ بلاول بھٹو جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں موجود ہیں ان کی آئندہ ہفتے واشنگٹن میں مصروفیات کا شیڈول طے ہے اپنے ہم منصب سے مذاکرات کے علاوہ وہ امریکی کانگریس کے اہم ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور ایک تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔
پاک امریکا باضابطہ مذاکرات کا آغاز آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ہوگا








