اسلام آباد(ممتاز نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے امن ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام دنیا میں امن کے فروغ پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم تمام انسانیت کے لیے امن کی علامت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا، جو 21 ستمبر 2022 کو دنیا بھر میں “نسل پرستی کا خاتمہ” کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کےلیے بھر پور کردار ادا کیا ہے خاص طور پر افغانستان میں جہاں اس نے افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کیا وہیں افغانستان سے مختلف ممالک شہریوں کے انخلاء میں پیش پیش رہا ۔ سپیکر نے رنگ، طبقے یا مذہب سے قطع نظر پیار، ہمدردی اور بھائی چارے کے ساتھ مل جل کر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں مثبت کردار ادا کرکے امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ملک کی خوشحالی کے لیے معاشرے میں امن اور رواداری کو فروغ دینے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں پر مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی کا خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے غیر متزلز عزم کا اعادہ








