اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ترکیہ کے سفیرمہمت پیکاسی نے کہاہے کہ پاک ترکیہ تعلقات اخوت اور بھائی چارے کا مثالی نمونہ ہیں ،دوستی کا یہ رشتہ سمندر سے گہرااور ہمالیہ سے بھی اونچا ہے ،یہ تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں،ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں میں اپنا کردار ادا کیا ہے،ترکیہ پاکستانی طلبہ کو میڈیکل کی تعلیم کے سلسلے میں بھی بھرپور تعاون کو یقینی بنائے گا۔وہ کالج آف فزیشنزاینڈ سرجنز پاکستان ( سی پی ایس پی )کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع اورڈاکٹر جمال ناصر کرنل سعد عظیم ، ڈاکٹر افتخار شاہ و دیگر کے ہمراہ ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کررہے تھے ۔اس موقع پرشعبہ صحت کے حوالے سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔پروفیسر شعیب شفیع نے کہا کہ سی پی ایس پی طویل عرصے سے پاکستانی ینگ ڈاکٹر کو پوسٹ گریجویٹ میڈیکل تعلیم کی سہولیات فراہم کر رہا ہے،ہمارے طلبہ دیگر کئی ممالک برطانیہ ،آئیر لینڈ اور سعودی عرب میں بھی حصول علم کے سلسلے میں استفادہ کرتے رہتے ہیں اور اب ہم اپنے طلبہ کو ترکی میں بھی پوسٹ گریجویشن کی سہولت فراہم کرونا چاہتے ہیں ۔ترک حکومت طلبہ سے اس سلسلے میں تعاون فراہم کرے ۔ ترکیہ کے سفیر نے پروفیسر شعیب شفیع ،ڈاکٹر جمال ناصر و وفد کے اراکین کویقین دلایا کہ میڈیکل پوسٹ گریجویشن کی تعلیم میں ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اپنی حکومت سے بات کریں گے اور طلبہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کرے گی ۔اس موقع پر ترک سفیر کو سی پی ایس پی کے زیر اہتمام کراچی میں منعقدکی جانے والی میدیکل کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ۔ وفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع اورڈاکٹر جمال ناصرنے ترک سفیر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی معروضات کو توجہ سے سنا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔
پاکستانی طلبہ کو میڈیکل کی تعلیم میں ہرممکن سہولت فرہم کریں گے، ترک سفیر








