اسلام آباد(ممتازنیوز) نیب قانون میں حکومتی ترامیم سے تحقیقات و ریفرنسز پرخرچ آنے والے 18 ارب ضائع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نیب قانون میں ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے متفرق درخواست دائرکی ۔
سات صفحات اور نو پیراگراف پر مشتمل درخواست میں کہا گیا ہے کہ یکم ستمبر سے احتساب عدالتوں نے بڑی تعداد میں ریفرنس نیب کو واپس بھجوا دیے اور کیس واپس بھجواتے ہوئے احتساب عدالتوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کے بعد یہ مقدمات ان کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب قانون میں ترامیم سے تمام نہیں تو 90 فیصد ریفرنس متاثر ہوئے ہیں، نامور سیاستدانوں کو ریفرنس واپس بھجوانے سے فائدہ ہوا ہے جب کہ فائدہ اٹھانے والے سیاست دانوں میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈووی والا بھی شامل ہیں۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے سات ستمبر کو طویل التوا کی درخواست دائر کی، اب سابق صدر آصف زرداری ترامیم کی روشنی میں جلد سماعت کی درخواست دائر کرنے جارہے ہیں۔
نیب قانون میں حکومتی ترامیم سے 18 ارب ضائع ہونے کا انکشاف








