بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

اسلام آباد (ممتاز نیوز)اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ایسو ایشن کے صدر ذکریا اے ضیاء کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد خطے میں ایک نئے صنعتی زون کے قیام کیلئے آئی سی سی آئی متعلقہ حکومتی حکام کے ساتھ کوششیں تیز کرے تا کہ صنعت کاری کو بہتر فروغ ملے اورہماری برآمدات میں اضافہ ہو۔ وفد نے آئی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ صنعتی شعبے کے اہم مسائل کو حل کرانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد شہر تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن روزگار نہ ملنے کی وجہ سے نوجوان طبقہ پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے نئے مواقع پید اکرنے کیلئے صنعت کاری کا فروغ وقت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار اسلام آباد ریجن میں صنعتیں لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن نئے صنعتی زون کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہ نئی سرمایہ کاری کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت انڈسٹریل زون کے منصوبے کو جلد عملی شکل دینے میں آئی سی سی آئی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے معیشت کے لیے متعدد فوائد پیدا ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر صنعتی شعبے کے مسائل کو حل کرانے کے لیے ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدرفاد وحید، نائب صدر محمد اظہر الاسلام ظفر اور گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو اس وقت متعدد مشکلات کا سامنا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سرمایہ کاری اور صنعت کاری کی ترقی پر خصوصی توجہ دے جس سے معیشت مسائل سے نکل کی بہتری کی طرف گامزن ہو گی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ نے ایک میٹنگ میں صنعتی پلاٹوں کی لیز میں توسیع کے لیے صنعتی پلاٹ کی موجودہ مارکیٹ قیمت کے 1 فیصد کی بجائے ایک لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے لیز میں توسیع کرنے پر اتفاق کیا تھا تاہم اس فیصلے پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا جس سے صنعتکاروں کیلئے لیز کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی سی ڈی اے بورڈ کے فیصلے پر جلد عمل درآمد کرانے کے لیے یہ مسئلہ سی ڈی اے حکام کے ساتھ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں ملک کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ حکومت ایل این جی کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لہذا انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مل کر سردیوں میں مقامی صنعت کو گیس لوڈشیڈنگ سے بچانے کے لیے اپنا کردار اد اکرے تا کہ صنعتی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں پر بھی نظر ثانی کرے تاکہ زیادہ پیداواری لاگت کو کم کیا جا سکے اور ہماری برآمدات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں مزید مسابقتی بنایا جا سکے۔نامور صنعتکار بشمول خالد جاوید، میاں اکرم فرید، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، ناصر قریشی، شعبان خالد، خالد چوہدری، رافعت فرید، افتخار انور سیٹھی، وقاص مسعود، شوکت حیات، ہمایوں کبیر، عمیس خٹک، بلال منیر، محمد علی مرزا، محمود احمد وڑائچ، محمد یحییٰ، ملک جلیل احمد اعوان، ڈاکٹر محمد عثمان اور دیگر وفد میں شامل تھے۔