کرائسٹ چرچ: سہ ملکی کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کیلئے 168 رنز کا ہدف دیا ہے۔
قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر167 رنز بنا ئے وکٹ پر اوپنر محمد رضوان 78 رنز اور محمد نواز 6 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے۔
میچ میں قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 7 ویں اوور میں 52 کے اسکور پر گری جب کپتان بابر اعظم22 رنز بنا کر مستفیض کی بال پر مہدی حسن کو کیچ دے بیٹھے بعد ازاں شان مسعود نے 31 ، افتخار احمد 13 ، حیدر علی 6 اور آصف علی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
میچ سے قبل کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور پروفیشنل ہر طرح کی کنڈیشنز کیلئے تیار ہیں، اس پچ پر 160 سے 170 رنز اسکور ہونگے، ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے۔ نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر باؤنس ہوتا ہے جس پر ہم نے پریکٹس کی ہے۔
دوسری جانب بنگلادیشی کپتان نور الحسن کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں کی نسبت آج کا موسم بہتر ہے۔
قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، حیدر علی، آصف علی، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور شاہنواز داہانی شامل ہیں۔
بنگلادیش کے خلاف سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے پلیئنگ الیون میں 3 فاسٹ بولرز اور 2 اسپنرز شامل ہیں۔
بنگلا دیش ٹیم کی قیادت نور الحسن کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں مہدی حسن مرزا، شبیر رحمٰن، افیف حسین، مصدق حسین، لٹن داس، یاسر علی، تسکین احمد، حسن محمود، مستفیض الرحمٰن اور نسم احمد شامل ہیں۔
گزشتہ روز گرین شرٹس نے لنکن یونیورسٹی کرائسٹ چرچ میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔
انڈور ہال میں ٹریننگ کیلئے نیچرل ٹرف پچز موجود تھیں جہاں قومی کرکٹرز نے 3 گھنٹے کے پریکٹس سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔
واضح رہے کہ سہ ملکی کرکٹ سیریز کی میزبانی نیوزی لینڈ کر رہا ہے اور اس میں پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔









