بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی سی سی آئی اور وزارت ہاؤسنگ کا دسمبر میں پہلی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو منعقد کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (ممتاز نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے اس سال دسمبر میں مشترکہ طور پر اسلام آباد میں پہلی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو منعقد کرنے پر انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے وزارت میں منعقدہ ایک تقریب میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے کہا کہ تمام بڑے بین الاقوامی اور قومی ڈویلپرز، بلڈرز اور رئیل اسٹیٹ انٹرپرائزز کو ایکسپو میں اپنے پروجیکٹس کی نمائش کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اورمعاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے لیے مناسب رہائش تک رسائی کو آسان بنانا چاہتی ہے لہذا ایکسپو کا بنیادی مقصد عوام کی ہاؤسنگ ضروریات کو پورا کرنا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو شہری تعمیر نو کی اسکیموں کو فروغ دینے، قومی شہری انفراسٹرکچر کو ترقی دینے اور عام آدمی کے لیے سستی گرین انرجی ہاؤسنگ کو فروغ دینے میں مفید ثابت ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت ہاؤسنگ اور آئی سی سی آئی کا باہمی تعاون ایکسپو کو ایک انتہائی کامیاب ایونٹ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی اسلام آباد میں پاکستان کی سب سے بلند ترین عمارت تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کے منصوبے کا اعلان انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو کے دوران کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلند ترین ٹاور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا اور اسلام آباد کو مالیاتی و کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنا ئے گا جیسا کہ متحدہ عرب امارات میں برج خلیفہ کی تعمیر سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کار اسلام آباد میں بلند عمارتوں کی تعمیر میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم مقصد کیلئے یہ ضروری ہے کہ سی ڈی اے اپنے بلڈنگ بائی لاز میں ترامیم کر کے اونچی عماروں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلند عمارتوں کی حوصلہ افزائی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سستی رہائش کے مسئلے کا بہترین حل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو کو کامیاب بنانے میں وزارت ہاؤسنگ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، سابق صدور خالد جاوید، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی اور شیخ عامر وحید سمیت ایگزیکٹو ممبر امیر حمزہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔