سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم رہے ہیں۔ ورلڈ بینک سے کراچی کے لیے 6 ارب روپے ملیں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سازشوں کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ اس وقت سیلاب متاثرہ 50 فیصد علاقوں سے پانی کو نکالا جا چکا ہے اور جہاں جہاں پانی کھڑا ہے وہاں سے بھی نکالا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ خود ساری چیزوں کو مانیٹر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں 5 لاکھ 23 ہزار 195 ترپال اور 14 لاکھ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو راشن فراہم کر چکے ہیں۔ متاثرین کے پاس کھانے پینے کی کوئی چیز نہیں تھی تاہم اب متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ورلڈ بینک کے نمائندے سے ملاقات اچھی رہی اور ورلڈ بینک سے کراچی کے لیے 6 ارب روپے ملیں گے اور 7 ارب روپے سندھ حکومت لگائے گی۔ کراچی کے انفراسٹرکچر پر 13 ارب روپے لگائے جائیں گے۔ سندھ حکومت اور متعلقہ ادارے کراچی میں بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 323 ملین ڈالر کاشتکاروں پر خرچ کیے جائیں گے۔ وزیر خارجہ کے بیرون ملک دورے کامیاب رہے اور انہوں نے پوری دنیا کے سامنے سیلاب متاثرین کا کیس رکھا۔ کامیاب سفارت کاری کی وجہ سے دنیا ہماری مدد کر رہی ہے لیکن اس وقت کچھ لوگ ملک کے خلاف سازشوں میں مسلسل مصروف ہیں۔ تحریک انصا ف کی تمام سازشیں ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہی ہیں۔
عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم رہے، قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، شرجیل میمن








