لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے دورہ پاکستان کے حوالے کہا ہے کہ پاکستان میں جا کر کرکٹ کھیلنا بہت دلچسپ ہو گا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورۂ پاکستان کے دوران 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم دورہ پاکستان کے لیے 2 مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق دورے کے پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15 جنوری تک دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 4 جنوری سے 8 جنوری تک ملتان میں ہوگا۔ اس دورے میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق کیویز کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جا کر کرکٹ کھیلنا بہت دلچسپ ہوگا، پاکستان کرکٹ کی وسیع تاریخ ہے، کچھ ناقابل یقین میچز کھیلے گئے، ہم یقیناً اس کا مشاہدہ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔
💬 "Pretty special to play back in Pakistan"
New Zealand captain Kane Williamson expresses excitement at his team's upcoming tours of Pakistan 👍
Full schedule ➡️ https://t.co/WUkV3M4ITC#PAKvNZ pic.twitter.com/zndmnQOICt
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 10, 2022
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کافی عرصے سے تمام فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، ہم پاکستان کے دورے کو چیلنج کے طور پر دیکھتے ہیں، پاکستان کی متوازن ٹیم ہے، پاکستان کے پاس دنیا کے بہترین فاسٹ باؤلر ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کین ولیمسن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ کا دارومدار بابر اعظم پر ہے جو دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں، پاکستان میں جا کر کھیلنا بہت اسپیشل ہوگا۔ پاکستان کے لوگ بڑے پُر جوش ہیں کہ ان کے شہروں میں کرکٹ کھیلی جائے، ہمیں اس کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔









