سرینگر(ممتاز نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماءاور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیریپرسن فریدہ بہن جی نے سینئر حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی بھارت کی بدنام تہاڑ جیل میں دوران حراست وفات پر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری قیادت کو بھارتی ٹارگٹ کلنگ منصوبے کا حصہ قراردیا ہے ، گردوں کے سرطان میںمبتلا الطاف احمد شاہ گزشتہ شب نئی دلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ 2017 سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید تھے ۔ فریدہ بہن جی نے اپنے تعزیتی بیان میں الطاف احمد شاہ کے دوران حراست قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرانے کے لئے کشمیری قیادت کو دوران حرات قتل کررہی ہے ۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے اس مذموم منصوبے کے خلاف احتجاج کریں۔ کشمیری خاتون رہنماءنے الطاف احمد شاہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہنماءکشمیریوں کے عظیم ہیرو تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف احمد شاہ کی دوران حراست وفات بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت ایک سازش کے تحت آزادی پسند قیادت کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ گردوں کے سرطان میں مبتلا ہونے کے باوجود جیل انتظامیہ نے انہیں نظربندی کے دوران علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا تھا جس کی وجہ سے ان کا کینسر جسم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل گیا۔انہوں نے کہاکہ ان کے اہلخانہ نے ان کا مناسب علاج کرانے کےلئے ہر دروازہ کھٹکھٹایا تاہم کوئی شنوای نہیں ہوئی۔ بالآخر وہ جیل میں ہی شہید ہوگئے ،فریدہ بہن جی نے کہا کہ حریت قائدین کا دوران حراست قتل بھارتی حکومت کے اس مذموم منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت کشمیری قیادت کو ایک کے بعد ایک جیلوں میں قتل کرکے کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ فریدہ بہن جی نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں کشمیری نظربندوں کی حالت زارکانوٹس لیں اور ان کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھائیں۔بھارتی جیلوں میں کشمیری حریت پسند وں کی زندگیوں کو شدیدخطرہ لاحق ہے انکو دانستہ طورپر موت کے منہ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اوردیگر رہنماﺅں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ،آسیہ اندرابی، ایاز اکبر، نعیم احمد خان، شاہدالاسلام ،فاروق احمد ڈار، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نصرین اور دیگر کی زندگیوں کو بھی شدیدخطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری خاص کراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی زندگیاں بچانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں فریدہ بہن جی نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
الطاف احمد شاہ کی بھارتی حراست میں وفات کشمیری قیادت کو بھارتی ٹارگٹ کلنگ منصوبے کا حصہ ہے، فریدہ بہن جی








