اسلام آباد (ممتاز نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے بڑی تعداد میں خواتین انٹرپرینیورز کے کاروبار تباہ کردیئے ہیں جس کی وجہ سے ان کو مالی مشکلات کا سامنا ہے لہذا انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ دیہی علاقوں کی خواتین انٹرپرینیورز کو کاروبار بحال کرنے میں ہرممکن مدد کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن اور پوٹھوہار آرگنائزیشن فار ڈویلپمنٹ ایڈووکیسی کے تعاون سے چیمبر میں منعقدہ 15ویں سالانہ دیہی خواتین لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے خواتین نے کانفرنس میں شرکت کی۔احسن بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی دیہی علاقوں کی کاروباری خواتین کو ایمیزون سمیت دیگر آن لائن پلیٹ فارمز سے منسلک کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ تک آسان رسائی حاصل کر سکیں اپنی مصنوعات کی برآمدات کو بہتر کر سکیں اور ملک کے لیے مزید زرمبادلہ کما سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی دیہی خواتین انٹرپرینیورز کی مصنوعات کی نمائشیں منعقد کرنے میں بھی تعاون کیلئے تیار ہے جس سے ان کا کاروبار بہتر فروغ پائے گا۔نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اس ملک کی آبادی کا نصف ہیں لہذا ان کو معاشی طور پر بااختیار بنا کر ہی پاکستان سے غربت و افلاس کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنے ادارے کی کاوشوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے دیہی خواتین کی سالانہ لیڈرشپ کانفرنس کی میزبانی کرنے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کی کانفرنسیں پورے ملک کی دیہی خواتین کو آپس میں روابط بڑھانے اور ترقی کے نئے مواقع حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔پوٹھوہار آرگنائزیشن فار ڈویلپمنٹ ایڈووکیسی کی بانی صدر ثمینہ نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دیہی علاقوں کی کاروباری خواتین کی مصنوعات کی نمائشیں منعقد کر کے ان کے کاروبار کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی خواتین انٹرپرنیورز کئی ممالک کو اپنی مصنوعات ایکسپورٹ کر رہی ہیں لیکن حالیہ سیلاب نے ان کے کاروبارتباہ کر دیئے ہیں جس سے ان کو مالی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ وہ اس مشکل وقت میں دیہی خواتین انٹرپرنیورز کے ساتھ تعاون کریں تا کہ وہ اپنا کاروبار بحال کر کے معیشت کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ حکومت دیہی خواتین کی ترقی کیلئے موثر اقدامات کرے تا کہ وہ معاشرے کو خوشحال بنانے میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کر سکیں۔ پاکستان کے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین نے اس موقع پر اپنی کامیابی کی کہانیاں بیان کیں اور دیہی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ان کو جو مشکلات درپیش ہیں ان پر بھی روشنی ڈالی۔چیمبر کے نائب صدراظہر الاسلام ظفر نے چیمبر کو دیہی خواتین کی میزبانی کا موقع فراہم کرنے پر نیلو فر بختیار، ثمینہ نذیر اور تمام مہمان خواتین کا شکریہ ادا کیا۔ چیمبر کے سابق صدور ظفر بختاوری، زبیر احمد ملک اور محمد اعجاز عباسی سمیت محترمہ فاطمہ عظیم، محترمہ پروین خان، محترمہ ناصرہ علی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں 15ویں سالانہ دیہی خواتین لیڈرشپ کانفرنس کا انعقاد








