بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سوات میں 2009 والی صورتحال کی واپسی افسوسناک ہے،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یہ افسوسناک ہے کہ سوات اور شمالی علاقہ جات کی صورتحال 2009 اور 2011 والی سطح پر آ گئی ہے تاہم ابھی تک علاقے میں فوجی آپریشن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جمعہ کو اسلام آباد میں عرب نیوز کی دوسری سالانہ ورکشاب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سوات کی صورتحال کی بنیادی ذمہ دار (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت ہے جس کو بروقت اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ابھی علاقے میں فوجی آپریشن کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ’تاہم اگر ضرورت پڑی تو وفاقی حکومت اس صورتحال کی بہتری کے لیے ہر طرح کا ایکشن لے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ سوات میں امن کے لیے لوگ خود سڑکوں پر نکلے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امن چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہمیں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کا شدت سے انتظار ہے۔
ان کے مطابق سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات کی بحالی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں کشمیر اور بھارت کے دوسرے حصوں میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر شدید تشویش ہے اور انڈیا کی حکومت گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کے قاتل کو معاف کر رہی ہے۔
انہوں نے اسرائیل کے فلسطین پر مظالم کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کا کوئی سرکاری وفد اسرائیل نہیں گیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کچھ پاکستانی صحافی اسرائیل کے دورے پر گئے ہیں کیا وہ پاکستان کے لیے خطرے کی علامت ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’وہ اسے خطرہ تو نہیں سمجھتے لیکن پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے پالیسی سے انحراف ہے۔‘