پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کو 7 حلقوں میں سے ایک ہی نشست پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ این اے 237 ملیر میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ سے ہار گئے۔
این اے 237 کراچی ملیر 2 کے تمام 194 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 22493 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں 10 ہزار 74 ووٹوں کے مارجن سے شکست ہوئی۔
ملیر میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے عبدالحکیم بلوچ کا کہنا تھا کہ این اے 237 ملیر نے 2018 کا بدلہ لیا،کراچی کے لوگوں نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے۔
عبدالحکیم بلوچ کا کہنا ہےکہ کراچی کے لوگ پڑھے لکھے لوگ ہیں، کراچی کے عوام نے عمران خان کے بیان کو ردکردیا، این 239 میں بھی عمران خان کو کم ووٹ ملے اور ٹرن آؤٹ کم رہا، عمران خان کو اپنا بیانیہ تبدیل کرنا چاہیے۔
عبدالحکیم بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی میری پیدائش ہے، میں حلقےکے لیےکام کروں گا، میری اولین خواہش ہوگی کہ گرین بیلٹ کو بچائیں، اعتماد کرنے پر بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتا ہوں، قدیمی گوٹھوں کو لیز دلوانا اولین ترجیح ہے، قبرستانوں کے لیےکراچی میں زمین نہیں بچی، کوشش ہوگی نئے قبرستانوں کے لیے زمین مختص کراؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے شاید بھگدڑ میں گر کر زخمی ہوئے، تحریک انصاف کے ایم پی اے کا تشددکا الزام سفید جھوٹ ہے۔
حکیم بلوچ کے ہاتھوں عمران خان کو اپ سیٹ شکست، 7 میں سے واحد نشست پر ناکام








