بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاز پر پاکستان کا ساتھ دیا ،وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد کی ملاقات۔ وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے لوگوں کے لیے دوسرے گھر جیسا ہے اور پاکستانی بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ پاکستانی حکام کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے زیر التوا منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے لیے خصوصی ٹاسک فورس، جو کہ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوھدری سالک حسین ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان پر مشتمل ہے کو بھی خصوصی ہدایت کی کہ وہ سعودی وفد کے پاکستان میں قیام کے دوران ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالے۔
وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہی ہے تا کہ زرمبادلہ کی بچت ہو اور عوام کو سستی بجلی بھی فراہم کی جا سکے۔

May be an image of 10 people and people standing
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاز پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح سے مدد کی؛ انہوں نے اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی صورت میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
سعودی وفد کی قیادت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے جنرل ڈائریکٹرایشیا ڈاکٹر سعود اے الشمری (Dr. Saud A Alshammari )نے کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ ،معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عزت مآب نواف الملکی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔