بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی، منفی اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صدر ایشین کرکٹ کونسل اور سیکرٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کے بیان پر باضابطہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کو جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ بیان ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا ہے جس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق جے شاہ کا پاکستان سے ایونٹ متنقلی کا بیان یکطرفہ ہے، ایونٹ کی منتقلی کا بیان آئی سی سی اور اے سی سی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔‎

اعلامیے میں کہا گیا کہ ’یہ اس فلسفے اور روح کے خلاف ہے جس کے تحت ستمبر 1983 میں ایشین کرکٹ کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، جس کا مقصد اپنے اراکین کے مفادات کے تحفظ اور ایشیا میں کرکٹ کے کھیل کو منظم، ترقی اور فروغ دینا تھا‘۔

پی سی بی کی جانب سے متنبہ کیا گیا کہ ’اس بیان سے 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

پی سی بی نے کہا کہ جے شاہ کی زیر صدارت منعقدہ اے سی سی اجلاس میں ہی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد کی گئی تھی، تاحال اے سی سی کے صدر کے بیان پر اے سی سی سے کوئی باضابطہ وضاحت موصول نہیں ہوئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی سی بی نے اے سی سی سے اس اہم اور حساس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جے شاہ نے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم 2023 میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی، 2023 کا ایشیا کپ پاکستان میں نہیں بلکہ نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا۔

جبکہ اس سے قبل یہ رپورٹس منظر عام پر آئی تھی کہ بھارتی بورڈ ایشیا کپ 2023 میں شرکت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے، تاہم جنرل باڈی اجلاس کے دوران ہی جے شاہ کے بیان کے بعد واضح ہوگیا کہ ایشیا کپ کسی نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا۔