دنیائے کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا فٹبال ورلڈکپ کے آغاز میں اب ایک مہینہ ہی باقی رہ گیا ہے اور اس کھیل کے مداح یقیناً یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ کونسا ملک نیا عالمی چیمپئن بنتا ہے۔
مگر ایک شخص نے ابھی سے پیشگوئی کردی ہے کہ کونسے ملک کی ٹیم 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کو جیتنے میں کامیاب ہوگی۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اسٹاک بروکر جوکھیم کلیمنٹ اس سے قبل بھی 2014 میں جرمنی اور 2018 میں فرانس کے ورلڈکپ جیتنے کی درست پیشگوئی کرچکے ہیں۔
انہوں نے کچھ دن قبل یہ پیشگوئی کی تھی کہ 2022 کے فٹبال ورلڈکپ کی فاتح ٹیم ارجنٹینا ہوگی۔
اگر ان کی بات درست ہوتی ہے تو ارجنٹینا 1986 کے بعد پہلی بار عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوگا۔
انہوں نے یہ پیشگوئی ناٹنگھم یونیورسٹی کے ایک ریاضیاتی ماڈل کی بنیاد پر کی ہے جس میں کسی ملک کے اقتصادی اور موسمیاتی عناصر جیسے جی ڈی پی، آبادی اور درجہ حرارت کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
اس ماڈل میں یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ کسی ملک میں اسپورٹس انفرا اسٹرکچر کیسا ہے اور فٹبال کھیلنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تعداد کتنی ہے۔
جوکھیم کلیمنٹ کے مطابق ارجنٹینا ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں اسپین جبکہ فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر چیمپئن بنے گا۔
مگر انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ نتائج کا انحصار قسمت پر بھی ہوتا ہے اور گروپ اسٹیج کے مقابلوں کی پیشگوئی کے لیے امکانات پر انحصار کیا گیا ہے۔
البتہ اگر ان کی پیشگوئی درست ثابت نہیں ہوئی تو انہوں نے اپنا دفاع پہلے سے تیار کرلیا ہے۔
ان کے بقول ‘میں مالیاتی سروسز فراہم کرنے والی صنعت کے لیے 20 سال سے کام کررہا ہوں اور یہ جانتا ہوں کہ پیشگوئی غلط ہونے پر جواز کیسے تلاش کرنے ہیں۔
فیفا ورلڈکپ کا فاتح کو ن ہوگا ؟ 2 بار درست پیشگوئی کرنے والے شخص نے نام بتادیا








