اسلام آباد(ملک نجیب) اسلام آباد پولیس کے شعبہ انسداددہشت گردی نے سنگ جانی سے دو مطلو ب دہشت گرد گرفتار کر کے وفاقی دارالحکومت نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں حمزہ عرف غازی رحمان ولدغازی مرجان سکنہ جان خانخیل تحصیل دتہ خیل میرانشاہ شمالی وزیر ستان اورشیر عالم عرف عمرولد گل حیدرسکنہ جنگلی نہر ڈاکخانہ بڈھ بیر میراہ تحصیل و ضلع پشاور شامل ہیں ،دہشت گردوں کو ایک بڑے آپریشن کے دوران سنگجانی کے علاقے سے حراست میں لیاگیا،یہ دہشت گر داسلام آباد پولیس ،سیاسی رہنماؤں،لاءاینڈ انفورسمنٹ ایجنسیز اورمستقبل میں سیا سی اجتماعات اور سرگرمیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
گرفتار ہونے والے دہشت گرد ہمزونی میں پاک آرمی پر دہشت گردانہ حملے اور ہمزونی میں آرمی چیک پوسٹ پر فائرنگ اور اس جیسی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
دہشت گرد غازی الرحمان آپریشن ضرب عضب کے دوران اپنی فیملی کے ساتھ بنوں منتقل ہوا اور دو سال تک وہاں مقیم رہا۔ 2016میں دوبارہ اپنے آبائی علاقے منتقل ہوا،2021میں یہ دہشت گرد وفاقی دارلحکومت اسلام آباد آیا اور سکیورٹی کمپنیزمیں بطور سکیورٹی کارڈ کے روپ میں ٹھہرا رہا ۔
دہشت گرد شیر عالم پشاور کا رہائشی ہے، جس نے تین سے چار سال تک بھٹے پر مزدوری کی اور اسی دوران اس نے گاڑیوں کی وائرنگ کے متعلق تجربہ حاصل کیا، اس نے اپنے ایک دوست عبدالرزق کے کہنے پر دہشت گردگروپ ملا نبی جوائن کیا،2016-17میں اس نے ملانبی مرکز ٹہل سے ایک ہفتے کی ملٹری ٹریننگ حاصل کی اور پھر افغانستان منتقل ہو گیا ،اس نے اپنے دوست عبدالرزق کی طرف سے ٹیلیفونک دعوت پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان جوائن کیا۔پولیس نے کارروائی کے دوران دونوں دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں بارودی مواد اور اسلحہ بر آمد کر لیا۔
اسلام آبادمیں دہشت گردی کابڑا منصوبہ ناکام،دو مطلوب دہشت گرد گرفتار








